اجودھیا۔ 6 دسمبر (یو این آئی) متنازعہ ڈھانچہ بابری مسجدرام جنم بھومی کے انہدام کی 22 ویں برسی کے پیش نظر آج اجودھیا اور فیض آبادشہر میں چپے چپے پر تعینات سیکورٹی اہلکارو ں کے درمیان یہاں معمولات زندگی عام دنوں کی طرح ہیں۔سال 1992 میں آج کی ہی کی تاریخ کو متنازعہ ڈھانچہ منہدم کیا گیا تھا اس کے بعد سے ہر چھ دسمبر آتے ہی یہاں سرگرمیوں میں اضافہ ہوجاتا ہے ۔ ہندو تنظیمیں وجے یا شوریہ دیوس مناتی ہیں تو مسلم ادارے یوم سیاہ یا یوم غم مناتے ہیں۔کئی مسلم اپنے تجارتی ادارے بھی بند رکھتے ہیں حالانکہ آہستہ آہستہ انہیں بند کیا جانا اب تقریباً ختم ہوتا جارہا ہے۔ مرکزی خفیہ اداروں کے ذریعہ دہشت گردانہ حرکتوں کے اندیشہ کے پیش نظر یہاں سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔