ڈھاکہ۔بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے آل راونڈر ثاقب الحسن پر کوچ کے ساتھ قابل اعتراض سلوک کرنے کی وجہ سے لگائی گئی چھ ماہ کی پابندی ہٹاکر انہیں غیر ملکی دوروں پر جانے کی اجازت دے دی۔بورڈ کے صدر نجم الحسن نے کہا اب ان کے غیر ممالک جاکر کھیلنے پر کوئی پابندی نہیں ہے ہم نے ان کے غیر ملکی دوروں کی پابندی ہٹاکر این او سی جاری کردی ہے۔ بورڈ کے ڈائرکٹروں کی مرضی سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ثاقب پر بنگلہ دیش کے کوکوچ چنڈکا ہتھرو سنگا کے ساتھ بدتمیزی کرنے اور ہندستان کے خلاف میرپور کے ایک ون ڈے میچ کے دوران ایک تماش بین کے ساتھ گالی گلوچ کرنے کے بعدسات جولائی کو چھ ماہ کے لئے پابندی لگادی تھی جس کے بعد ان پر 31 دسمبر 2014 تک غیر ملکی دوروں پر جانے کیلئے این او سی دینے پر بھی پابندی لگادی گئی تھی۔حالانکہ بورڈ نے بعد میں ان پر لگی پابندی کو نرم کرتے ہوئے اسے تین ماہ کا کردیا تھا اور انہیں 15 ستمبر سے کھیلنے کی منظوری دے دی تھی۔ حسن نے کہا “ثاقب کے رویہ میں سدھار کا بورڈ نے مشاہدہ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کھلاڑیوں کے خلاف نہیں ہیں لیکن بعض حالات میں سخت فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ پابندی این او سی یہ سب اس بات کا پیغام تھا ہم ڈسپلن شکنی کسی طور پر برداشت نہیں کریں گے۔ مجھے خوشی ہے کہ کھلاڑی نے اس پابندی کو مثبت انداز میں لیا اور اپنا رویہ درست کیا۔ مجھے یقین ہے کہ زمبابوے کے خلاف اچھا کھیل دیکھنے کو ملے گا۔