لکھنؤ(نامہ نگار)سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اور رکن پارلیمنٹ ملائم سنگھ یادو نے آج ہندی سنستھان میں منعقد ایک پروگرام میں ۶۹ہندی ادیبوں کو مختلف زمروں کے انعامات سے سرفراز کیا۔ مسٹریادو نے معروف ادیب دودھ ناتھ سنگھ کو پانچ لکھ روپئے کے’بھارت بھارتی‘ اعزاز سے نوازا۔ پروگرام کے مہمان خصوصی ریاست کے وزیر صحت احمد حسن اور مہمان اعزازی سیاسی پنشن وزیر راجندر چودھری تھے۔ تقریب کی صدارت ہندی سنستھان کے کارگزار صدر ادے پرتاپ سنگھ نے کی۔
اس موقع پر پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ ادیب معاشرہ کو سمت دے رہے ہیں۔ ملائم نے کہا کہ ہم نے انگریزی کی مخالفت کی ہم نے انگریزی ہٹانے کی بات کہی تھی انگریزی کو مٹانے کی بات کبھی نہیں کہی۔ جو انگریزی پڑھنا چاہتا ہے وہ پڑھے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ حکومت کے کام کاج کی زبان ہندوستانی زبان ہی ہو۔ ہندوستانی زبان کو فروغ ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ادب سے ثقافت مضبوط
ہوتی ہے۔ ادیبوں کواعزاز سے نوازاجانا چاہئے۔
اعزازی تقریب کے موقع پردودھ ناتھ سنگھ کو بھارت بھارتی،ممتا کالیا کولوہیا اعزاز، ڈاکٹر سریش گوتم کو ہندی گورو ،مسز چندرکانتا کو مہاتما گاندھی ادب ، ڈاکٹر کنہیا سنگھ کو پنڈت دین دیال اپادھیائے ادب، لاکھ سنگھ بھدوریا سومتر کو آونتی بائی ادب، آسام راشٹر بھاشا سمیتی کو راجرشی ڈاکٹر پرشوتم داس ٹنڈن اعزازسے سرفراز کیا گیا۔اسی طرح بیج ناتھ شکلا بھویہ کو ساہتیہ بھوشن، ڈاکٹر رام سنگھ یادو ، ڈاکٹر دیویندر دیپک، پنی سنگھ، ڈاکٹر مہا ویر سرن جین، ڈاکٹر کسم کھوانی، ڈاکٹر شمبھو ناتھ، محترمہ نصرت ناہید، جمنا پرساد اپادھیائے اور وبھوتی نارائن رائے کو ساہتیہ بھوشن اعزاز سے نوازا گیا۔ جگدیش پیوش کو لوک بھوشن، محترمہ سروجنی شریواستو کو مالا بھوشن، پروفیسر کرشن کمار گوسوامی کو ودیا بھوشن، ڈاکٹر اشوک کمار اگروال کو وگیان بھوشن، پروفیسر رام موہن پاٹھک کو پترکاریتا بھوشن، پرہلاد رام شرن کو غیر مقیم ہندوستانی ہندی بھوشن، ڈاکٹر دویک رمیش کو اطفال ادب ، یوگیندر دویدی کو مدھولمیے ادب، پریم جنمے جے کو شری نرائن چترویدی ادب اور ڈاکٹر سریندر سہائے شریواستو کو ودھی بھوشن اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔
اس کے علاوہ خیر سگالی ایوارڈسے ڈاکٹر گروشرن کورجگی(پنجابی)، ڈاکٹر رمیش یادو(مراٹھی) ڈاکٹر اربم برج کمار شرما منی پوری، ڈاکٹر اجے کمار پٹنائک (اڑیا)، ڈاکٹر ایم گووند راجن (تمل) ڈاکٹر ڈی این شری ناتھ(کنڑ)، ڈاکٹر بینا بدکی(کشمیری) ، شکیل صدیقی(اردو)، محترمہ سادھنا سانیال (بنگلہ) محترمہ منو کٹل پدما راؤ( تیلوگو)، ڈاکٹر ایچ پرمیشورم (ملیالم)، ڈاکٹر دیو شنکر نوین (میتھلی) اور ڈاکٹر بھگیرتھی پرساد ترپاٹھی واگیش شاستری( سنسکرت)سرفراز کئے گئے۔بیرون ممالک میں ہندی کی نشرو اشاعت کے سلسلہ میں ڈاکٹر سدھا اوم ڈھینگرا اور ڈاکٹر کویتا واچونوی کواور یونیورسٹی سطح کا اعزاز ڈاکٹر مہیش آلوک اور ڈاکٹر سوریہ کانت کو پیش کیا گیا۔