لکھنؤ(نامہ نگار)اترپردیش ادیوگ ویاپار منڈل پرتیندھی منڈل کے صدر و سابق رکن پارلیمنٹ بنواری لال کنچھل نے کہا ہے کہ ہم بدلا لیںگے لیکن جمہوری طریقوں سے تاکہ مستقبل میں ایسی واردات دہرائی نہ جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر قصورواروں کو ۸دسمبر تک گرفتار نہیں کیا گیا تو تمام تاجر سڑکوں پر اترکر تحریک چلائیں گے۔ کنچھل نے کہا کہ ۹دسمبر کو ریاست کے سبھی ضلع صدر مقامات پر مشعل جلوس نکالے جائیںگے، دس دسمبر کو تاجر اپنے علاقوں میں پد یاترا اور نکڑ جلسے کر کے لوگوں کو بیدار کرنے کا کام کریںگے۔ ۱۱دسمبر کو ریاست گیر ہڑتال کی جائے گی۔
تاجر لیڈر امرناتھ مشر نے کہا کہ انہیں حکومت پر پورا بھروسہ ہے کہ وہ ہم لوگوں کو ہڑتال کا موقع نہیں دے گی۔ امرناتھ نے کہا کہ کب تک سبھی لوگ ان کالے کوٹ پہننے والے غیر سماجی عناصر کا شکار ہوتے رہیں گے۔ ہمیں اب متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب اگر ان لوگوں کے ذریعہ کسی ضلع یا بلاک پر ایسی واردات ہوگی تو اسے ریاست گیر تحریک کی شکل دے دی جائے گی۔ انہوں نے قصورواروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف این ایس اے عائد کئے جانے کا مطالبہ کیا۔
تاجر تنظیموںکی حمایت
کنچھل نے بتایا کہ اس واقعہ کے سلسلہ میں تاجر طبقہ میں کافی ناراضگی ہے تاجروں کی مختلف تنظیموں نے ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر اس لڑائی کو آگے بڑھانے کی بات کہی ہے۔ جو تنظیمیں کنچھل کی حمایت کر رہی ہیں ان میں آدرش ویاپار منڈل، اترپردیش ادیوگ ویاپار منڈل، سنیکت ویاپار منڈل، سروسماج ویاپار منڈل اور صرافہ ایسو سی ایشن شامل ہیں۔
کنچھل نے دی صفائی
تاجر لیڈر بنواری لال کنچھل نے صفائی دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کسی وکیل کو کسی قسم کی کوئی گالی نہیں دی اور نہ ہی کوئی غلط تبصرہ کیا ہے۔واقعہ کے وقت پولیس آئی اور ان کو جیپ میں بٹھا کر لے گئی۔