ممبئی: بھارت کے مشہور ورسٹائل اداکار کمل ہاسن اور ساریکا کی دوسری بیٹی اکشرا ہاسن کی پہلی بالی ووڈ فلم ’’شمیتابھ‘‘ میں سے گزشتہ روز اکشرا کے کردار کی پہلی جھلک جاری کر دی گئی۔اس فلم میں وہ بالی ووڈ شہنشاہ امیتابھ بچن اور مشہور اداکار دھنوش کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔ ڈائریکٹر آر بلکی کی فلم سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی اکشرا ہاسن کے بارے میں سننے میں آرہا ہے کہ اپنی پہلی ہی فلم میں ایک پروفیشنل کی طرح منجھی ہوئی اداکارہ کے طور پر کام کرنے کے باعث سب اکشرا کی تعریف کرتے دکھائی دے رہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ وہ ایک ٹیلنٹ کے پاور ہاؤس کی پیداوار ہے اور اس بات کا ثبوت اس نے اپنی پہلی ہی فلم ’’شمیتابھ ‘‘ میں اپنے کام سے ثابت کیا ہے۔جاری کردہ تصاویر کے مطابق اس فلم میں اکشرا اپنی بہن شروتی ہاسن کی پیروی کرتے ہوئے ایک دلچسپ روپ میں دکھائی دی ہیں جس میں وہ کالے رنگ کے فٹنس والے لباس میں اور سائیڈ سے مانگ نکالے ہوئے کٹے ہوئے بالوں ’’بوائے کٹ ‘‘ کے ساتھ خوبرو لگ رہی ہیں۔ ان جاری کردہ تصاویر کے مطابق کہا جا رہا ہے کہ وہ باغیانہ کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ اکشرا ہاسن کی طرف سے فلم کے آغاز کا سب کو ایک طویل عرصے سے انتظار تھا جب کہ یہ انتظار اب ختم ہونے والا ہے اور بالی ووڈ لیجنڈ امیتابھ بچن بھی اکشراہاسن کی اداکاری کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے دکھائی دیے ہیں جب کہ ڈائریکٹر آر بلکی بھی پیچھے نہیں رہیں اور اکشرا ہاسن کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ تو ایک پیدائشی اداکارہ ہے۔آر بلکی نے مزید بتایا کہ اکشرا کو اپنے والدین کمل اور ساریکا دونوں ہی کی طرف سے اداکاری ورثے میں ملی ہے‘ اس کی اداکاری واقعی شاندار ہے جب کہ اس فلم ’’شمیتابھ ‘‘ میں بھی اس نے اپنے کردار کے ساتھ انصاف کیا ہے جس میں وہ دو آدمیوں کو جو آپس میں لڑتے رہتے ہیں، کو ایک دوسرے سے دور رکھا ہے جو کہ ایک مشکل کردار تھا مگر اکشرا نے بغیر کسی اضافی کوشش کے اس کردار کو نبھایا ہے جب کہ اس سے پہلے اس نے کبھی بھی بڑے کیمرے کے سامنے پرفارم نہیں کیا جو کہ یقیناً اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ وہ ایک پیدائشی اداکارہ ہے۔