نئی دہلی(یو این ا ئی )حکومت ہند جلد ہی بیل کا گوشت سرکاری طور پر روس برآمد کرنے کی اجازت دے دے گی۔ غیر ملکی خبررساں ادارے نے ہندوستان کے وزیر برائے تجارت و صنعت سنتوش سارنگی کے حوالے سے اس سلسلے میں بتایا کہ ہندوستان روس کو اس کی اجازت دے سکتا ہے اور فی الوقت اس پر کام کیا جا رہا ہے۔مسٹر سارنگی کے مطابق معاملہ اجازت ملنے کے اخری مرحلے میں ہے جسے صدر روس ولادیمیر پوتن کے دورہ ہند، جو وسط دسمبر میں کیے جانے کا منصوبہ ہے، کے موقع پر فائنل کر دیا جائے گا۔ اس سے پہلے جمعرات کو روس کی زراعت کے نگراں ادرے نے ہندوستان کی زرعی اشیا کی برآمدی ترقی کی کونسل کے ساتھ مل کر ہندوستان سے بیل کے گوشت کی فراہمی کے اتفاق نامے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔