لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔گوسائیں گنج کے ارجن گنج علاقہ میں بنے بی ایس این ایل محکمہ کے سب اسٹیشن کے لائن کارڈ میں دو شنبہ کی دیر شب اچانک آگ لگ گئی جس سے سب اسٹیشن پر رکھے تمام آلات جل کر خاک ہو گئے۔ اطلاع کے مطابق ارجن گنج بازار واقع پرمود دیویدی کے مکان میں چل رہے ٹیلی فون سب اسٹیشن میں اچانک آگ لگ گئی جس سے عمارت میں کافی دھنواں بھر گیا۔ مالک پرمود دیویدی نے نیچے آکر دیکھا تو آگ لگ چکی تھی۔ انہوں نے فوری وہاں تعینات ملازمین کو اس بات کی اطلاع دی۔ اس کے بعد موقع پر پہنچے ملازمین نے آگ بجھانے والے سلنڈروں کو استعمال کر کے آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن کوئی بھی سلنڈر کام نہیں آیا۔ ملازمین نے سب اسٹیشن کی بجلی کاٹنے کے بعد پانی سے آگ بجھائی۔ اطلاع پاکر منگل کو پہنچے سب اسٹیشن افسر سنج
ے گپتا نے موقع کا معائنہ کیا اور جانچ کے بعد اسباب بتانے کی بات کہی۔ دوسری جانب سب اسٹیشن پھکنے کے سبب پورے علاقہ کے بیسک فون ٹھپ ہو گئے حالانکہ مرمت کا کام جاری ہے۔ دیر شب تک پورا کام نہیں ہو پایا تھا امید ہے کہ بدھ تک مرمت کا کام پورا کر لیا جائے گا۔
دو شنبہ کی دیر شب جب آگ لگی تو سب اسٹیشن پر کوئی گارڈ تعینات نہیں تھا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہاں ہر وقت ایک گارڈ کی تعیناتی رہتی ہے۔ گارڈ کی غیر موجودگی کے سبب آگ کی اطلاع مقامی لوگوں و محکمہ جاتی ملازمین کو نہیں مل پائی۔ مقامی ذرائع کے مطابق محکمہ جاتی ملازمین گارڈ کی تعیناتی نہیں کرتے ہیں۔ اگر گارڈ تعینات ہوتا تو پہلے ہی آگ پر قابو پایا جاسکتا تھا۔ واضح ہو کہ اسی لاپروائی کے سبب ایک برس قبل بھی سب اسٹیشن میں آگ لگی تھی۔ تب بھی سب اسٹیشن میں کوئی گارڈ تعینات نہیں تھا۔ ارجن گنج بی ایس این ایل سب اسٹیشن پر رکھے فائر محکمہ کے سلنڈروں میں آگ بجھانے کیلئے گیس نہیں تھی۔ فائر محکمہ کے سلنڈر اکتوبر ۲۰۰۸ء میں ہی ایکسپائر ہو چکے تھے۔ آگ بجھانے کیلئے ملازمین نے جب ان کا استعمال کیا تو وہ چالو ہی نہیں ہوسکے۔