دبئی۔پاکستانی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کا آ غاز جیت سے کیا ہے اور کپتان مصباح الحق پانچ میچوں کی اس سیریز کو جیت ہی پر ختم کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن اس سے زیادہ اہم بات ان کے نزدیک ورلڈ کپ کیلئے ایک بہتر کمبی نیشن کی تشکیل ہے۔ جبکہ پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کی جیت میں کلیدی کردار ادا کرنے والے حارث سہیل کا کہنا ہے کہ شاہد آ فریدی آ ئو ٹ ہو کر جاتے ہوئے کہہ گئے تھے کہ اب تم کو میچ جتوا کر آ نا ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ یہ ورلڈ کپ سے قبل آ خری سیریز ہے اور ہماری کوشش ہے کہ اس سیریز میں ہم ورلڈ کپ کیلئے ٹیم تیار کرسکیں۔ اس سیریز میں مختلف کمبی نیشن آ زماکر ہر کھلاڑی کو موقع دیا جارہا ہے۔ تاکہ اس کی کارکردگی کا پتہ چل سکے۔ پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستانی ٹیم کی تین وکٹوں کی جیت اس اعتبار سے اہم ہے کہ اس نے سری لنکا اور آ سٹریلیا کے خلاف مسلسل پانچ ناکامیوں کا جمود توڑا ہے اس کا کریڈٹ حارث سہیل کو جاتا ہے۔ انہوں نے پانچویں بولر کا کردار بھی خوبی سے نبھایا، ہمیں ان کی بیٹنگ کا اندازہ ہے تاہم وقار یونس اور مشتاق احمد نے دو ماہ پہلے ہی یہ کہہ دیا تھا کہ انہیں بولر کے طور پر تیار کرنا ہے۔ ان پر بہت محنت کی گئی۔