نئی دہلی، 11 دسمبر (یو این آئی)وزیر اعظم نریندر مودی اور روس کے صدر ولادیمیر پوتن دونوں ملکوں کے درمیان آج ہونے والی 15 ویں سالانہ چوٹی میٹنگ میں حصہ لیں گے جس میں دفاع، نیوکلیائی توانائی، ہائیڈرو کاربن اور تجارت جیسے سیکٹروں میں اہم معاہدے پر دستخط ہونے کا امکان ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق مسٹر پوتن اس میٹنگ میں شامل ہونے کے لئے ایک اعلی سیاسی اور تجارتی وفد کے ساتھ کل رات نئی دہلی پہنچ گئے۔ پیٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیر دھرمندر پردھان نے پالم ہوائی اڈے پر مسٹر پوتن کا استقبال کیا۔ مسٹر پوتن صدر پرنب مکھرجی سے بھی ملاقات کریں گے۔ مسٹر مکھرجی روسی صدر کے اعزاز میں ضیافت دیں گے۔ہندوستان میں روس کے سفیر الیکزنڈر کادکن نے کہا کہ اس میٹنگ سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں نئی توانائی پر بات ہوگی ۔ روسی صدر اور مسٹر مودی کے درمیان یہ پہلی میٹنگ ہوگی۔ دونوں لیڈروں کے درمیان اس میٹنگ میں اگلے دس سال کے لئے سیاسی، اقتصادی اور اسٹریٹجک معاہدے کا خاکہ تیار کرنے پر بھی اتفاق ہوسکتا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی شراکت
کو نئے سرے سے واضح کرنے پر زور رہے گا۔ اس دوران ہند وستان پاکستان کو اسلحہ فروخت کرنے کا معاملہ بھی اٹھا سکتا ہے۔