فوجی اڈے پر چھ میزائل داغے ہیں، عسکری گروپ کا ٹویٹ
یمن میں القاعدہ سے منسلک عسکری گروپ نے ایک امریکی فوجی اڈے پر راکٹوں سے حملہ کیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز العناد نامی فوجی اڈے سے زور دار دھماکوں کی آوازیں آئیں۔ یہ امریکی فوجی اڈہ جنوبی یمن کے صوبہ لہج میں واقع ہے۔
دھماکوں کی آوازوں کے بعد ایمبولینس گاڑیاں دوڑتی ہوئی دیکھی گئیں اور زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتا
ل منتقل کیا گیا۔ تاہم ابھی تک یہ اندازہ نہیں کہ ان راکٹ حملوں سے کتنے لوگ ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ عسکری گروپ کی طرف سے اس راکٹ حملے کی تازہ وجہ امریکی خصوصی دستے کی وہ کارروائی بنی ہے جو اس نے عسکریت پسند گروپ کے ٹھکانے سے گذشتہ ماہ زیر حراست امریکیوں کو چھڑوانے کے لیے کی تھی۔
اس امریکی خفیہ کارروائی کو ایک ہفتے کے بعد سامنے لایا گیا تھا۔ بعد ازاں یہ بھی تسلیم کیا گیا کہ ایک امریکی شہری اس فوجی کارروائی کے دوران بازیاب نہ ہو سکا بلکہ مارا گیا تھا۔ البتہ بقیہ افراد کو عسکریت پسندوں سے چھڑوا لیا گیا تھا۔
عسکریت پسندوں نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ میں کہا ہے کہ اس امریکی فوجی اڈے پر چھ میزائل فائر کیے گئے ہیں۔ عسکریت گروپ کے مطابق نشانہ فوجی اڈے کا وہ حصہ تھا جو امریکیوں کے پاس ہے۔
واضح رہے اس فوجی اڈے پر موجود امریکی اور مغربی ممالک کے فوجی یمنی فوج کی تربیت کے لیے موجود ہیں، جو یمنی فوج کو دہشت گردی سے نمٹنے کے ڈھنگ سکھاتے ہیں۔ یمن میں امریکی ڈرون حملوں سے بھی القاعدہ کو نشانہ بنایا جاتا رہتا ہے۔