نئی دہلی، 12 دسمبر (یو این ائی) بابائے قوم مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کی تعریف میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ممبر پارلیمنٹ ساکشی مہاراج کے بیان پر آج لوک سبھا میں اپوزیشن اراکین نے زبردست شورو ہنگامہ کیا جس کے سبب ساکشی مہاراج کو ایوان میں معافی مانگنی پڑی اور حکومت نے بھی ان کے بیان کی مذمت کی۔
ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن اراکین نے ساکشی مہاراج کے بیان پر ہنگامہ شروع کردیا جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی 10 منٹ کے لئے ملتوی کرنی پڑی۔ کارروائی دوبارہ شروع ہونے پر بھی اپوزیشن اراکین کا شور و غل جا
ری رہا۔ اس پر پارلیمانی امور کے وزیر ونکیا نائیڈو نے کہاکہ گاندھی جی کے قاتل کے بارے میں دیئے گئے بیان کی حکومت مذمت کرتی ہے اور حکمراں پارٹی بھی اس بیان سے متفق نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ممبر پارلیمنٹ نے اپنا بیان ایوان کے باہر دیا ہے لیکن ایوان چاہتا ہے تو ان سے اس بیان پر معافی مانگنے کیلئے کہہ سکتے ہیں۔
اس کے بعد بھی اپوزیشن اراکین ہنگامہ کرتے رہے۔ ہنگامہ کے دوران ہی ساکشی مہاراج نے اپنے بیان کے سلسلے میں وضاحت پیش کی لیکن اراکین اس سے مطمئن نہیں ہوئے۔ بالآخر ساکشی مہاراج نے اپنا بیان واپس لینے کے ساتھ ہی اس پر معذرت طلب کی۔