نئی دہلی، 12 دسمبر (یو این ائی) وقفہ سوال ملتوی کرنے کا اپوزیشن کا مطالبہ نہ ماننے پر آج لوک سبھا میں اراکین نے زبردست شورو ہنگامہ کیا جس کی وجہ
سے ایوان کی کارروائی دس منٹ کے لئے ملتوی کرنی پڑی۔
ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اسپیکر سمترامہاجن نے کہاکہ مسٹر کوشلیندر کمار اور مسٹر وشنو گوپال کی طرف سے انہیں وقفہ سوال ملتوی کرنے کا نوٹس ملا ہے لیکن اسے منظور نہیں کیا گیا۔ روزانہ وقفہ سوال ملتوی کرنے کا نوٹس مل رہا ہے اور یہ سب ٹھیک نہیں ہے اس لئے اسے منظور نہیں کیا جا سکتا۔
اس پر اپوزیشن اراکین نے ہنگامہ شروع کردیا۔ اسی دوران کانگریس کے لیڈر ملک ارجن کھڑگے نے کہا کہ گاندھی جی کے قاتل کو اہمیت دی جارہی ہے اور انہیں وطن پرست کیا جارہا ہے۔ یہ عوام اور ملک کی توہین ہے۔ اسی دوران اپوزیشن کے تمام اراکین ایوان کے بیچوں بیچ آگئے اور “ہے رام، ہے رام گاندھی کے ہتھیارے (قاتل) کو ملا سمان” نعرہ لگاتے رہے۔
شوروغل کے دوران اسپیکر نے وقفہ سوال جاری رکھا لیکن جب ہنگامہ بہت بڑھ گیا تو انہوں نے دس منٹ کے لئے ایوان کی کارروائی ملتوی کردی۔