نئی دہلی، 15 دسمبر (یوا ین آئی) حکومت نے آج کہا کہ عراق اور شام میں سرگرم جنگجو تنظیم آئی ایس کی اطلاع ٹوئٹ کرنے والے بنگلور کے مہدی مسرور بسواس نے ہندوستان میں تنظیم کے لئے کوئی بھرتی نہیں کی ہے اور اس کی سرگرمی محدود دائرے میں ہے۔
وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے لوک سبھا میں اپنی طرف سے دئے گئے بیان میں کہا کہ 24 سالہ مہدی کے خلاف بنگلور پولیس نے 13 دسمبر
کو غیر قانونی سرگرمی انسداد ایکٹ 1967 اور تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہدی کا معاملہ سب سے پہلے برطانیہ میں سامنے آیا۔ مرکزی سیکورٹی ایجنسی نے کرناٹک پولیس کے ساتھ ملکر اس کی جانچ کی اور اسے گرفتار کرلیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں تفصیلی جانچ چل رہی ہے۔
مسٹر سنگھ نے بتایا کہ ابتدائی جانچ کے مطابق مہدی نے آئی ایس کے لئے ہندوستان میں کسی کی بھرتی کرنے سے انکار کیا ہے۔ اس کی سرگرمی ٹوئٹ کرنے تک محدود ہے۔ وہ آئی ایس کی ویب سائٹ پر موجود عربی زبان کی چیزوں کو انگریزی میں ترجمہ کرکے سوشل میڈیا پر ڈالتا ہے۔
وزیر داخلہ نے بتایاکہ اس کا ٹوئٹ اکاؤنٹ “شامی وٹنیس ”کے نام سے ہے اور اس کے 60 فیصد فالوورز غیر مسلم لوگ مغربی ممالک کے ہیں۔ اس کے علاوہ زیادہ تر مسلم فالوورز مسلم ممالک کے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ فالوورز برطانیہ کے ہیں۔