نئی دہلی، 15 دسمبر (یو این آئی) انا درمک (اے آئی ڈی ایم کے) کے اراکین پارلیمنٹ نے تمل ناڈو کی سابق وزیر اعلی اور پارٹی کی سپریمو جے للیتا کے بارے میں حال ہی میں ریلوے کے امتحان میں ایک سوال پوچھے جانے پر سخت اعتراض درج کراتے ہوئے آج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں جم کر شور شرابہ کیا۔
ان کے اعتراض پر حکومت نے کہا کہ امتحان میں یہ سوال پوچھنا مناسب نہیں تھا اور یہ مسئلہ ریلوے بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
لوک سبھا میں آج صبح کارروائی شروع ہوتے ہی اے آئی ڈی ایم کے کے اراکین اس معاملے کو اٹھاتے ہوئے اسپیکر کی کرسی کے سامنے جمع ہوگئے اور اس سوال پر اپنا اعتراض ظاہر کرنے لگے۔ اس پر پارلیمانی امور کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ امتحان میں یہ سوال پوچھنا موزوں نہیں تھا اور اس سلسلے میں
ریلوے بورڈ سے بات چیت کی جائے گی۔ جس کے بعد مشتعل ممبران پارلیمنٹ خاموش ہوئے۔