ایک کو زخمی اور ایک کو گرفتار بھی کیا ہے: اسرائیلی فوجی ترجمان
اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں رام اللہ سے متصل علاقے قلندیا میں پناہ گزینوں کے ایک فلسطینی کیمپ پر حملہ کیا ہے۔ اس حملے کے نتیجے میں ایک نوجوان فلسطینی شہید ہو گیا ہے۔
اسرائیلی فوجیوں نے اس 22 سالہ نوجوان کو اس وقت شہید کیا جب فلسطینی مہاجرین کے اس کیمپ میں گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا۔
اس سے پہلے بھی عام طور پر ایسے واقعات پیش آتے رہتے ہیں جن میں کیمپوں پر چھاپے کے نام پر فلسطینی نوجوانوں کو اسرائیلی فورسز نے ہدف بنایا جاتا ہے۔
اسرائیلی فوج نے تازہ کارروائی میں ایک فلسطینی کو شہید کیے جانے کی تصدیق کر دی ہے
۔ عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج کے پناہ گزین کیمپ پر چڑھ دوڑنے اور فلسطینی عورتوں اور بچوں کو نشانہ بنانے کے بعد فوج کو پتھراو کا سامنا کرنا پڑا۔
اسی دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 22 سالہ نوجوان محمد عدوان اسرائیلی گولیوں کا نشانہ بنایا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ محمد عدوان اپنے گھر کی چھت پر تھا کہ اسے گولی ماری گئی۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ”اس پر بارود بھی پھینکا گیا تھا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل پیٹر لیرنر کے مطابق ” فوج کی سپیشل فورس نے قلندیا میں رات کے کیے آپریشن کیا تو اسے جوابی حملے کا سامنا کرنا پڑا۔ ”
اسرائیلی فوجی ترجمان کے مطابق ”اس دوران دہشت گرد فلسطینوں میں سے ایک زخمی بھی ہوا ہے اور ایک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔”
حالیہ چند ماہ کے دوران اسرائیلی فوج اور پولیس کی کارروائیوں سے مغربی کنارے میں سخت کشیدگی کا ماحول ہے۔ ان مہینوں کے دوران 13 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 11 اسرائیلی بھی مارے گئے ہیں۔ پچھلے ہفتے اسرائیلی فورسز کی ایک کارروائی کے نتیجے میں فلسطینی اتھارٹی کا ایک وزیر بھی شہید ہو گیا ہے۔
رواں سال آٹھ جولائی سے ماہ اگست کے دوران پچاس دن تک غزہ پر مسلط کردہ جنگ کے بعد سے کشیدگی مسلسل جاری ہے۔ اس جنگ میں 2100 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے تھے۔