لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے وزیر اعظم نریندر مودی سے لکھنؤ میںقائم کئے جا رہے ہندوستانی اطلاعات ٹکنالوجی انسٹی ٹیوٹ (آئی آئی آئی ٹی) کیلئے لاگت رقم میں مرکزی حکومت کے حصہ کے بجٹ کو جلد جاری
کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرس کے صدر کی تقرری بھی جلد از جلد کرنے کیلئے کہا تاکہ انسٹی ٹیوٹ کے قیام میں تیزی آسکے۔ اس سلسلہ میں وزیر اعظم کو لکھے گئے ایک خط میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ ان کی حکومت ریاست میں معیاری تکنیکی تعلیم مہیا کرانے کی ایک اہم پہلو کے تحت مرکزی حکومت کی اسکیموں کے مطابق آئی آئی آئی ٹی کا قیام پی پی پی ماڈل کے تحت کرا رہی ہے۔ اس انسٹی ٹیوٹ کے قیام پر کل ۱۲۸؍ کروڑ روپئے کی لاگت آئے گی جس کا پچاس فیصد مرکزی حکومت کے ذریعہ برداشت کیا جانا ہے۔ انہوںنے ریاست کے طور پر ۱۸ء۲۰کروڑ روپئے جاری کردیا ہے جبکہ مرکز کی پچاس فیصد رقم ابھی تک نہیں ملی ہے۔ اسے جاری کرنے کیلئے پہلے بھی اپیل کی جا چکی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ انسٹی ٹیوٹ کے میمورنڈم آف ایسوسی ایشن کے مطابق پہلا بورڈ مرکزی حکومت کے ذریعہ ریاستی حکومت اور صنعتی اشتراک سے مشورہ کر کے تشکیل کیا جانا ہے۔ اس سلسلہ میں بورڈ آف گورنرس کے صدر کیلئے ریاستی انتظامیہ تین ناموں کا پینل پہلے ہی مرکز کو بھیج چکی ہے۔