لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا کہ وہی سماج خوش رہتا ہے جہاں سکون ہوتا ہے۔ ہندوستان سماج کی طاقت یہی ہے کہ یہاں پر سبھی ذات اور مذہب کے لوگ مل کر رہتے ہیں۔ ان کی حکومت قانون اور آئین کے خلاف کام کرنے والے لوگوں پر سخت سے سخت کارروائی کرے گی۔ پاکستان کے پیشاور شہر میں کی واردات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اس سے سبھی کو صدمہ پہنچا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے آئی ٹی کالج کے گرلس کالج ہاسٹل کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد یہ بات کہی۔ اس ادارہ کے ۱۲۵ برس مکمل ہونے کی اختتامی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ہاسٹل کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ روپئے کی رقم دینے کا اعلان کیا تھا۔ ہاسٹل کی تعمیر اسی رقم سے کرائی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ وقت میں تکنیک کی بیحد ضرورت ہے اس سے سماج کو بیحد فائدہ ملا ہے۔ حکومت کی لیپ ٹاپ تقسیم اسکیم کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لیپ ٹاپ کے ذریعہ
طلباء و طالبات کو دنیا اور نئی تکنیک سے جڑنے میں بڑی مدد ملی ہے۔ حکومت ریاست کو خوشحالی اور ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے پُر عزم ہے اور اس کیلئے مسلسل کام کر رہی ہے۔ آمد و رفت کی رفتار کو دو گنا کرنے سے اقتصادی نظام میں تین گنا ترقی ہوتی ہے۔اس موقع پر کرسمس کین ٹاٹا منعقد کیا گیا جس کے تحت کرسمس پر مبنی بھجن کالج کی طالبات کے ذریعہ پیش کئے گئے۔ اس موقع پر ریاستی حکومت کے دیہی ترقیات کے وزیر مملکت اروند کمار سنگھ گوپ، ڈاکٹر ایس سی یادو ، رکن پارلیمنٹ ڈمپل یادو اور پرنسپل مسز ونیتا پرکاش، کالج کی ٹیچرس اور طالبات موجود تھیں۔