لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ حضرت گنج واقع رج اپارٹمنٹ کی تیسری منزل پر رہنے والے ایک صحافی کے گھردن دہاڑے کچھ بدمعاشوں نے حملہ کر دیا۔ گھر پر موجود تنہا بیوی کو نشیلی شے سنگھاکر بیہوش کر دیا اس کے بعد گھر سے ہزاروں کی نقدی اور قیمتی سامان لیکر فرار ہو گئے۔ تقریباً بیس منٹ کے بعد جب خاتون کو ہوش آیا تو اس نے اس بات کی اطلاع فون کر کے اپنے شوہر کو دی۔ دفتر سے گھر واپس لوٹے شوہر نے سلطان گنج چوکی انچارج کو اس واقعہ کی تحریر دے دی ہے۔ پولیس نے تحریر لیکر معاملہ کو لوٹ کی دفعات میں درج کرنے کے بجائے چوری میں درج کیا ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق جاپلنگ روڈ واقع رج اپارٹمنٹ کی تیسری منزل پر پرمود شکلا اپنی اہلیہ سمن شکلا کے ہمراہ رہتے ہیں۔ پرمود نے بتایا کہ بدھ کی صبح وہ اپنے دفتر چلے گئے تھے۔ شوہر کے جانے کے بعد سمن سبزی لینے کیلئے اپارٹمنٹ کے نیچے گئی تھی۔ سبزی لیکر جب وہ اپنے فلیٹ میں واپس پہنچی تو جیسے ہی سمن دروازہ بند کرنے لگی۔ تبھی ایک نقاب پوش بدمعاش آیا اور اس نے سمن کو زور سے دھکا دے دیا اس کے بعد ان کی ناک پر نشیلی شے والا کپڑا لگا دیا جس سے وہ بیہوش ہو گئی۔ گھر میں سمن کو اکیلا پاکر کئی بدمعاش گھس آئے اور لوٹ کے ارادے سے پورے گھر کو الٹ پلٹ ڈالا۔
پرمود نے بتایا کہ لوٹ مار کرکے بدمعاش فرار ہو گئے تھے۔ تقریباً بیس منٹ کے بعد جب سمن کو ہوش آیا تو اس نے فون کر کے اطلاع انہیں دی۔ پرمود جب گھر آئے تو دیکھا کہ زمین پر سارا سامان بکھرا پڑا ہے۔ معاملہ کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ موقع پر پہنچے سلطان گنج چوکی انچارج نے جائے واردات کامعائنہ کر کے پرمود کے ذریعہ دی گئی تحریر پر لوٹ کی دفعات میں معاملہ درج کرنے کے بجائے چوری میں درج کر لیا ہے۔ پرمود ایک میگزین میں رپورٹر کے عہدہ پر تعینات ہیں۔