لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ لکھنؤ میٹرو کے سات اسٹیشنوں کی ڈیزائن کا کام دو شنبہ تک مکمل ہوجائے گا۔ میٹرو کے ڈائریکٹر دلجیت سنگھ نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ نگر سے چار باغ تک ۸ کلو میٹر کے پہلے مرحلہ میں بننے والے ۸ ؍اسٹیشنوں کے ڈیزائن کا کام آخری مراحل میں ہے۔ ان میں سے چار باغ کو چھوڑ کر بقیہ سات اسٹیشنوں کے ڈیزائن کا کام دو شنبہ تک ہو جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ اسٹیشنوں کی ڈیزائن کی ذمہ داری سنبھال رہی فرانش کی سسٹرا کی ٹیم کے ساتھ ڈیزائن کو لیکر مسلسل جلسے کئے جا رہے ہیں۔ جلد ہی اسے حتمی شکل دے دی جائے گی۔ ایک اسٹیشن کی تخمیمی لاگت تیس کروڑ روپئے آنے کی امید ہے ان میں سے چار اسٹیشن چارباغ، ٹرانسپورٹ نگر، شرنگار نگر اور درگا پوری کے ڈیزائن تقریباً ایک جیسے ہوں گے۔ اسٹیشن کی زمین کے مطابق اسٹیشنوں میں کچھ تبدیلیاں ممکن ہیں۔
عالم باغ میں ناجائز قبضہ ہٹنے کے بعد میٹرو نے اپنا بورڈ لگا دیا ہے اب جلد ہی اپنا کام شروع ہو جائے گا۔ راجدھانی میں گزشتہ ۲۷؍ستمبر کو شروع ہوئے میٹرو ٹرین کے تعمیری کام میں اب تک ۷۸ پلر بن چکے ہیں۔ میٹرو کے کاموں کی نگرانی چیف سکریٹری خود کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ لکھنؤ میٹرو کے افسروں نے جلسہ میں رولنگ اسٹاک کیلئے ٹنڈر جاری کر دیئے ہیں۔ میٹرو کے ڈائریکٹر دلجیت سنگھ نے بتایا کہ میٹرو کے نئے دفتر کیلئے کام جاری ہے۔ میٹرو کا کام طے شدہ مدت اور ہدف کے مطابق چل رہا ہے۔