لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ تاجر لیڈر بنواری لال کنچھل کو عدالت سے لیکر سڑک تک پیٹنے کے معاملہ میں بدھ کو وزیر گنج پولیس نے ایک نامزد ملزم وکیل کو گرفتار کرلیا۔ کنچھل کے ساتھ ہوئی اس واردات میں پولیس کی یہ پہلی گرفتاری ہے۔ کچھ ملزمین نے اس معاملہ میں عدالت میں خود سپردگی کیلئے بھجی درخواست دے رکھی ہے۔ وزیر گنج کوتوالی انچارج ابھینو سنگھ پنڈیر نے بتایا کہ بنواری لال کنچھل کے ساتھ ہوئی مار پیٹ کے معاملہ میں ویڈیو فوٹیج کی مدد سے پولیس اور کرائم برانچ کی مشترکہ ٹیم نے آشیانہ کے رہنے والے وکیل اجے یادو کو اس کے گھر سے گرفتار کیا ہے۔ کنچھل کے ساتھ ہوئی مار پیٹ کی واردات میں یہ پہلی گرفتاری ہوئی ہے۔ وزیر گنج پولیس کاکہنا ہے کہ دیگر ملزمین کی تلاش جاری ہے۔
وزیر گنج پولیس نے بتایا کہ اس معاملہ میں کچھ لوگوں نے عدالت میں خود سپردگی کی عرضی ڈال رکھی ہے۔ واضح ہو کہ گزشتہ پانچ دسمبر کو تاجر لیڈر بنواری لال کنچھل ایک مقدمہ کے سلسلہ میں پیشی پر عدالت گئے تھے۔ عدالت احاطہ میں ہی کچھ وکیلو ں نے ان کو گھیر لیا تھا۔ اس کے بعد وکیلوں کے گروہ نے کنچھل کو عدالت احاطہ سے لیکر سڑک تک دوڑا دوڑاکر پیٹا تھا۔ یہاں تک کہ ان لوگوں نے کنچھل کے کپڑے تک پھاڑ دیئے تھے اور ان کو سر راہ مرغہ بھی بنا دیا گیا تھا ۔ اس واردات کے سلسلہ میں بنوری لال کنچھل نے ۸ وکیلوں سمیت کچھ نامعلوم کے خلاف رپورٹ بھی وزیر گنج کوتوالی میں درج کرائی تھی۔
کنچھل پر ہوئے حملہ کے خلاف تاجروں نے راجدھانی سمیت کئی شہروں میں مظاہرہ بھی کیا تھا۔ تاجر مسلسل پولیس پر اس معاملہ کے ملزمین کی گرفتاری کا دباؤ بنا رہا تھے۔ وزیر گنج کوتوالی انچارج نے بتایا کہ پکڑا گیا ملزم اجے ویڈیو فوٹیج میں بنوری لال کنچھل کو لات مارتے ہوئے دکھائی دیا تھا۔