بیروت ، 25 نومبر:لبنان نے ایران اور چھ بڑی عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کا خیرمقدم کیا ہے۔ لبنان کے کارگزاروزیر خارجہ عدنان منصور نے مڈل ایسٹ نیوز ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ نیوکلیائی سمجھوتہ نہ صرف قابل خیرمقدم ہے بلکہ اسرائیل کے نیوکلیائی پروگرام کے لئے ایک وارننگ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سمجھوتے سے ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی دور ہوگی اور اس سے وسطی ایشیائی خطہ نیوکلیائی اسلحہ کی دوڑ کے اندیشے سے بھی نجات حاصل کرے گا۔مسٹر منصور نے اسرائیل کے ذریعے اس سمجھوتے کو تاریخی غلطی قرار دیئے جانے کے سلسلے میں کہا کہ اسرائیل اس کے خلاف ہے ۔ کیونکہ وہ ایران کے نیوکلیائی پروگرام کے سلسلے میں خوف کا ماحول پیدا کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے نیوکلیائی پروگرام سے سلامتی کے مسئلے پر خطے میں تشویش کا ماحول ہے۔ عرب ملکوں اور مغربی ملکوں کو اسے اپنے نیوکلیائی پروگرام کو ترک کرنے کے لئے مجبور کرنا چاہئے۔