اتحادیوں کے حملوں نے داعش کی کمر توڑ کے رکھ دی
رواں ماہ دسمبر کے پہلے عشرے میں عراق اور شام میں عالمی اتحادی فوج کے حملوں میں دہشت گرد گروپ دولت اسلامی ‘داعش’ کے صف اول کے کئی اہم کمانڈروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔
واشنگٹن میں ‘العربیہ’ کی نامہ نگار نے پینٹاگان کے فوجی ذریعے کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ تین اور نو دسمبر کے درمیان اتحادی فوج کےحملوں میں عراق اور شام میں داعش کے کئی اہم کمانڈر ہلاک ہو گئے تاہم اب ان کی سو فیصد شناخت مکمل ہونے کے بعد مہلوکین کی تصدیق کی گئی ہے۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان کا کہنا ہے کہ تازہ حملوں میں داعش کے خلیفہ ابوبکر البغدادی کا نائب حامی معتز المعروف ابو مسلم الترکمانی اور داعش کی فوج کا کمانڈر ان چیف عبدالباسط اور موصل میں داعش کے عسکری کمانڈر کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ پینٹاگان ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول کمانڈروں حاجی معتز اور عبدالباسط کے القاعدہ کی چوٹی کی قیادت کے ساتھ بھی گہرے تعلقات قائم رہے ہیں۔
اتحادی فوج کی کارروائی میں عراق کے شہر موصل میں داعش کے ملٹری کمانڈر رضوان طالب حمود کو بھی ہلاک کیا گیا ہے۔ طالب حمود کا شمار داعش کی درجہ دوم کے اہم رہ نمائوں میں ہوتا تھا۔
ذرائع کے مطابق یہ تینوں اہم کمانڈر تین سے نو دسمبر کے دوران فضائی حملوں میں ہلاک ہو گئے تھے تاہم ان کی مکمل شناخت کے بعد اب ان کے نام جاری کیے گئے ہیں۔
امریکی فوج کے سربراہ جنرل مارٹن ڈمپسی نے داعش کے کمانڈروں کی ہلاکت کی تصدیق کی اور کہا کہ اتحادی فوج کے حملوں میں داعش کی صف اول کی قیادت کو کامیابی سے نشانہ بنا کر داعش پر کاری ضرب لگائی گئی ہے جس کے بعد اس تنظیم کی کارروائیاں کمزور پڑ گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکا نے آئندہ موسم بہار تک عراق کے شہر موصل کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس منصوبے پر عمل درآمد کرتے ہوئے عراق کے صوبہ کردستان میں داھوک اور موصل کے درمیان داعش کی سپلائی لائن کو منقطع کرنے کے لیے فضائی حملے کیے جا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ کل جمعرات کو امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے شمالی عراق میں داعش کے کئی سرکردہ رہ نمائوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔ امریکی فوج کے ترجمان ایڈ مرل جون کربی کا کہنا ہے کہ اتحادی فوجیوں نے نومبر کے وسط اور دسمبر کے پہلے ہفتے میں داعش کے خلاف کامیاب فضائی حملے کیے ہیں جن میں داعش کی صف اول کی قیادت میں شامل اہم کمانڈروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیاہے۔ تاہم انہوں نے ہلاک ہونے والے جنگجوئوں کے ناموں کی تفصیلات نہیں بتائیں۔
حاجی معتز اور کمانڈر عبدالباسط
قبل ازیں امریکی محکمہ دفاع کے ایک عہدیدار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا تھا کہ رواں ماہ کے آغاز میں فضائی حملوں میں داعش کے کئی اہم کمانڈر ہلاک ہوئے ہیں تاہم ان میں داعش کا خلیفہ ابو بکر البغدادی شامل نہیں ہے۔
پینٹاگان کے عسکری ذریعے نے بتایا کہ نومبر کے وسط میں اتحادی فوج کے حملے میں داعش کا فوجی امور کا انچارج عبدالباسط المعرف عناداللہ ملا غیض اور بغدادی کا نایب حاجی معتز المعروف ابو مسلم ترکمانی بھی ہلاک ہوا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ حاجی معتز کی اور کمانڈر عبدالباسط کی ہلاکت اتحادی فوج کی اہم ترین کامیابی ہے کیونکہ ان دونوں کمانڈروں کی ہلاکت سے داعش کی کمر توڑ دی گئی ہے۔ ان کے علاوہ موصل میں داعش کا فوجی امور کا نگران رضوان طالب حمدون بھی ایک فضائی حملے میں ہلاک ہو گیا۔