کانپور(نامہ نگار)ریاست کے چیف سکریٹری نے جمعرات کوضلع اسپتال ارسلا کا معائنہ کیا۔مریضوں سے ان کا حال دریافت کیا اوراوپی ڈی میں ڈاکٹروں سے گفتگو کی۔چیف سکریٹری نے اسپتال میں خامیوں کو دیکھ کر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ڈائری میں درج کیا۔ ضلع اسپتال میں مریضوں کے ذریعہ کی جارہی شکایات کے پیش نظر وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے چیف سکریٹری آلوک رنجن کو ضلع اسپتال کا معائنہ کرنے کیلئے ہدایت دی تھی۔ جمعرات کی صبح چیف سکریٹری، پرنسپل سکریٹری اروندنارائن مشراوڈی جی ہیلتھ وجے لکشمی نے اسپتال کا معائنہ کیا۔چیف سکریٹری نے اسپتال کی پرانی عمارت میں واقع وارڈ نمبر سات کے مریضوں سے ان کا حال دریافت کیا۔افسران کے معلوم کرنے پر فیتھ فل گنج کی رہنے والی ماجدہ اورسوموتی نے اسپتال میں بہتر سہولیات مہیا کرانے کا ذکر کیا جبکہ وارڈ نمبر پانچ میںداخل رسول آباد کے والد چیف سکریٹری کو دیکھ کر رونے لگے۔چیف سکریٹری کے رونے کی وجہ سے معلوم کرنے پر کشن نے اپنی پریشانیوں
کا ذکر کیا۔ چیف سکریٹری نے سی ایم اوآرپی یادو واسپتال کے ڈائریکٹر سے کشن کا علاج کرانے کی ہدایت دی۔وارڈ کے معائنہ کے بعد چیف سکریٹری نے ملٹی اسٹورنٹ عمارت کا معائنہ کیا۔قطار میں کھڑے ہوئے کچھ مریضوں سے انھوں نے دوائوں کے بارے میں گفتگوکی۔اس کے علاوہ چیف سکریٹری نے ڈاکٹر ایس ایم واجپئی سے آنکھوں کے امراض کی تربیت حاصل کرنے والے طلباء کے بارے میںتفصیل سے گفتگو کی اورملازمین سے آلات کے بارے میںمعلومات حاصل کی۔اس کے علاوہ چیف سکریٹری نے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹرروشن جیکب ، ایس ایس پی کے ایس ایمینول اورضلع اسپتال کے افسران سے گفتگو کی اورکینٹ تھانہ کا معائنہ کرنے کیلئے چلے گئے۔