لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ ناکہ علاقہ میں گزشتہ شب چوروں نے موبائل کی دکان کی دیوار میں نقب لگاکر لاکھوں کے موبائل ، نقدی اور ہزاروں کی بیٹریوں پر ہاتھ صاف کر دیا۔ صبح جب مکان مالک نے شٹر اٹھایا تو وہ حیران رہ گیا۔ اطلاع پولیس کو دی گئی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے تفتیش کرکے معاملہ کی جانچ شروع کر دی ہے۔ ناکہ کے موتی نگر کے رہنے والے رنجیت سنگھ کی پان دریبہ چوراہے پر ریلانس کے نام س
ے موبائل کی دکان ہے۔ یومیہ کی طرح رنجیت بدھ کی شام دکان بند کرکے گھر چلا گیا تھا۔ جب اس نے جمعرات کی صبح دکان کا شٹر اٹھایا تو دیکھا کہ دکان میں رکھے لاکھوں کے فون، اٹھارہ ہزار روپئے اور تقریباً پچیس ہزار روپئے کی موبائل بیٹریاں چوری ہو گئی تھیں یہ دیکھ کر اس کے ہوش اڑ گئے۔ رنجیت نے بتایا کہ دونوں شٹر کے تالے ٹوٹے نہیں تھے۔ دکان کی پچھلی دیوارمیں نقب لگاکر چوروں نے واردات کو انجام دیا ہے۔ رنجیت نے اس معاملہ کی اطلاع پولیس کو دی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے جائے واردات کی تفتیش کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملہ کی جانچ کی جا رہی ہے۔