لکھنؤ(نامہ نگار)وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ سماجوادی رہائشی اسکیم کو فوری طور پر نافذ کیا جائے ۔ مقررہ وقت کے اندر سستے اور معیاری مکانات دستیاب کرائے جائیں۔ جنرل اور کم آمدنی والے طبقات کے افراد کیلئے شادی اور دیگر تقاریب کیلئے رعایتی کمیونٹی سہولت دستیاب کرانے کی بھی ہدایت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ آج یوجنا بھون میں منعقد ایک جلسہ میں آواس وکاس پریشد اور ترقیاتی اتھارٹیوں کے کاموں کا جائزہ لے رہے تھے۔ ناجائز تعمیراتی کاموں پر موثر طور سے روک لگائے جانے کی ہدایت دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سبھی اتھارٹیاں عوام کے مسائل کا تصفیہ وقت سے کریں۔ تعمیراتی کاموںمیں نئی تکنیک کے استعمال پر زور دیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں معیاریت اور مقررہ مدت میں کام مکمل کرنے کے سلسلہ میں کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اس سلسلہ میں لاپروائی برداشت نہ کرنے کا انتباہ دیتے ہوئے انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ گذشتہ ۲برس میں کرائے گئے سب سے اہم کاموں کے فوٹوگراف اور آئندہ دو برسو میں کرائے جانے والے پانچ سب سے اہم کاموں کے مکمل ہونے کی ممکنہ تاریخ اور تفصیل ان کے دفتر کو دستیاب کرائی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’کلین یو پی گرین یو پی ‘ مہم کے تحت سبھی اتھارٹیوں اور آواس وکاش پریشد کو اپنے اپنے حلقوں میں پارکوں اور عوامی مقامات پر موثر طور پر مرمت اور صفائی کے پروگرام چلانے چاہئے اور کارآمد درختوں شجرکاری کرانے کی بھی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے عوام کے عمارتی نقشوں کی منظوری مقررہ مدت کے تحت کئے جانے پر بھی زور دیا۔ جائزہ جلسہ میں پرنسپل سکریٹری رہائش سداکانت، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری پارتھ سارتھی سین شرما، سکریٹری رہائش پندھاری یادو، رہائش کمشنر شہاب الدین محمد سمیت دیگر افسران موجود تھے۔