کینیا، 25 نومبر:کینیا میں نیروبی ۔ ممباسا قومی شاہراہ پر ایک بس اور ٹرک کے درمیان ٹکر میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 21 دیگر بری طرح زخمی ہوگئے۔ٹریفک پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ حادثہ کی شکار بس موینگی سے ممباسا جارہی تھی تبھی سلطان محمود علاقے میں قومی شاہراہ پر سامنے سے آنے والے ایک ٹرک سے ٹکراگئی۔ اس حادثہ میں 13 افراد ہلاک اور 21 دیگر بری طرح زخمی ہوگئے۔افسروں نے شبہہ ظاہر کیا ہے کہ ٹرک اور بس کے ڈرائیوروں کو نیند کی غنودگی آجانے کی وجہ سے یا پھر رات کے وقت کم روشنی کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا ہے۔ سرکاری اعدادو شمار کے مطابق رواں برس جنوری سے اکتوبر کے درمیان اس شاہراہ پر مختلف سڑک حادثوں میں 200 سے زائد افراد ہلاک اور 9 ہزار دیگر زخمی ہوچکے ہیں۔