پاکستان کے قبائلی علاقوں میں رواں برس اب تک 19 ڈرون حملے ہو چکے ہیں
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
مقامی حکام کے مطابق یہ حملہ سینیچر کی صبح تحصیل دتہ خیل کے علاقے لواڑہ منڈی میں ہوا ہے۔
انتظامیہ کے اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ ڈرون طیارے نے ایک ایسے مکان پر دو میزائل داغے جسے شدت پسند مرکز کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔
اس حملے میں مکان تباہ ہوگیا اور اس میں موجود پانچ افراد مارے گئے۔ ہلاک شدگان کی شناخت کے بارے میں تاحال کچھ نہیں بتایا گیا۔
یہ طالبان کی جانب سے پشاور میں سکول پر حملے کے بعد پاکستان کے قبائلی علاقے میں ہونے والا پہلا ڈرون حملہ ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال جنوبی اور شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیاروں کی طرف سے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں اور گاڑیوں پر 19 حملے کیے جا چکے ہیں جن میں درجنوں شدت پسند مارے گئے ہیں۔
ان 19 حملوں سے صرف دو حملے جنوبی وزیرستان، جبکہ 17 شمالی وزیرستان میں
کیے گئے ہیں۔
امریکہ ڈرون حملوں کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں موثر ہتھیار قرار دیتا ہے جبکہ پاکستان ان پر احتجاج کرتا رہا ہے۔
پاکستان نے شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں ضربِ عضب اور خیبر ون فوجی آپریشن شروع کر رکھے ہیں اور حالیہ کچھ عرصے میں خیبر ایجنسی میں پاکستانی فضائیہ کے طیاروں کی بمباری میں بھی بڑی تعداد میں شدت پسند مارے گئے ہیں۔