بھوپال، 25 نومبر:مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات کے لئے آج صبح 8 بجے پولنگ شروع ہونے کے پہلے گھنٹے میں ہی ریاست کے اہم لیڈروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔وزیراعلی شیو راج سنگھ چوہان، مرکزی وزیر کمل ناتھ، کانگریس کے سینئر لیڈر سریش پچوری، رخصت پذیر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اجے سنگھ، ممبر پارلیمنٹ یشودھر راجے، ریاستی وزیربابو لال گور اور نروپم مشرا سب سے پہلے ووٹ ڈالنے والے لیڈروں میں شامل رہے۔مسٹر چوہان نے سیہور ضلع کے بدھنی اسمبلی حلقے کے تحت آنے والے جیت گاؤں میں ووٹ ڈالے۔ ووٹنگ سے قبل انہوں نے مندر جاکر بھگوان سے آشیرواد لیا اور پھر اپنے کنبے کے اراکین کے ساتھ پولنگ سینٹر پہنچ کر ووٹ ڈالا۔ ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر چوہان نے عوام سے ریکارڈ تعداد میں ووٹنگ کرنے کی اپیل کی۔مسٹر چوہان نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت نے مدھیہ پردیش کوبیمار ریاست کے زمرے سے نکال کر ترقی پذیر ریاستوں کی فہرست میں شامل کرادیا ہے اور اب اسے ترقی یافتہ ریاست بنانا ہے۔