کانپور(نامہ نگار)۔بھارتیہ دلت پینتھر اور معاون سماجی تنظیموں کی جانب سے راجیہ سبھاکے رکن اور قومی درج فہرست ذات کمیشن کا کانپورآمد کے موقع پر خیرمقدم کیاگیا۔ بھارتیہ دلت پینتھرکے علاقائی دفتر میک رابرٹ گنج میں مختلف تنظیموں کے ذریعہ ڈاکٹر پی ایل پنیاکااستقبال کیاگیا اس کے علاوہ یادگاری نشان اور شال اڑھا کران کا اعزاز کیا گیا۔ اس موقع پرڈاکٹر پی ایل پنیا نے کہا کہ آرایس ایس اوراس کی معاون تنظیموں کی جانب سے تبدیلی مذہب کی جو کوششیں کی جارہی ہیں ان کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انھوںنے کہا کہ ہندوستان کے آئین مین اس بات کوواضح الفاظ میں کہاگیا ہے کہ کوئی بھی انسان اپنی مرضی سے کسی بھی مذہب کواختیار کرسکتا ہے ۔ لیکن کسی بھی انسان کو لالچ دے کر زبردستی مذہب تبدیل کرانا قابل جرم ہے ۔ صرف ووٹ حاصل کرنے کی خاطر یہ کام کیا جارہا ہے جو ہندوستانی سماج اور ملک کے مفاد میں صحیح نہیں ہے۔ کیونکہ یہ آئین کے خلاف ہے ۔انھوںنے کہا کہ ہم لوگ انسانوں اور سماج کے مفاد میں
کام کررہے ہیں اور مستقبل میں بھی سماجی بہبود کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ اس کے لئے ہمیں خواہ کوئی بھی قربانی دینی پڑے ۔ اپنے عہدے سے مستعفی ہونے میں مجھے کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوگی۔ سماج کاتحفظ ہو اورسماج ترقی کرے اس کے لئے ہم مسلسل کوشش کرتے رہیں گے۔ استقبالیہ تقریب میں پینتھر دھنی رام بودھ ، راجندر کمار کریل ، منوج سنگھ ، ایس سی شریواستو، وجے ساگر ایڈوکیٹ ، انل پرجاپتی ، شلیندر کمار ، راکیش کمار، کیپٹن پون آدرش ، راجابھائی ،برجیش گوتم سمیت کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے۔