لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ہد ف مقرر کئے جائیں۔ اگر ہدف طے ہو جائے تو پھر اسے حاصل کرنے کیلئے سو فیصد کوشش کرو۔ اگر محنت صحیح سمت میں ہے تو کامیابی ملنے سے کوئی روک نہیں س
کتا۔ ان خیالات کا اظہار سابق صدر جمہوریہ ہند اے پی جے عبدالکلام نے بچوں سے کیا۔
وہ لکھنؤ کے کالون تعلقدار کالج کے ۱۲۵ ویں سالانہ جشن میں بچوں کو خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کتابوں کو اپناسب سے اچھا دوست بناؤ۔ کتابوں سے بہتر زندگی میں اور کوئی راستہ نہیں دکھا سکتا۔ سب بچوں کے پاس لائبریری ہونی چاہئے۔ میزائل مین نے بچوں کے ساتھ ساتھ سرپرستوں کو بھی نصیحت دی۔ انہوں نے کہا کہ بچے اکثر بڑوں کوہی دیکھ کر سیکھتے ہیں اس لئے جیسا آپ کریں گے بچے بھی ویسا ہی کریں گے۔اس موقع پر سابق صدر جمہوریہ بھارت رتن اے پی جے عبدالکلام کا انداز بچوں سے لیکر بڑوں تک پر چھایا رہا۔ انہوں نے کسی کو آٹو گراف دیئے تو کسی کے گال پر پیار سے تھپکی دی۔ جو ملا وہ تو خوش تھاہی جو دور کھڑے رہے وہ ہاتھ ہلاکر سابق صدر جمہوریہ کے نزدیک ہونے کا احساس کر رہے تھے۔