لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ جانکی پورم علاقہ میںرہنے والی محکمہ انکم ٹیکس میں تعینات خاتون ملازم کے شوہر کی لاش نالے میں پڑی ملی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے شوہرکی موت نالے میں گرنے کے سبب ہوئی ہے۔
انسپکٹر جانکی پورم رام وشال یادو نے بتایا کہ جانکی پورم کے سلطانپور کی رہنے والی راج کماری محکمہ انکم ٹیکس میں چہارم درجہ ملازم ہے۔ وہ اپنے شوہر ۴۷ سالہ جگدیش پرساد اور ایک بیٹے سنی کے ہمراہ رہتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جگدیش بیروزگار ہے اور حد سے زیادہ شراب پینے کا عادی تھا۔ گزشتہ اکیس دسمبرکو بغیر کچھ بتائے گھر سے نکل گیا تھا اس کے بعد وہ واپس گھر نہیں لوٹا۔ منگل کی صبح گوشالہ کے سامنے بنے ایک نالے میں جگدیش کی لاش لوگوں نے پڑی دیکھی، خبرپاکر کنبہ کے لوگ اور جانکی پورم پولیس بھی موقع پرپہنچ گئی
۔ پولیس نے نالے سے جگدیش کی لاش کو باہرنکالا۔ تفتیش کے بعد پولیس نے اس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔
انسپکٹر جانکی پورم کاکہنا ہے کہ جگدیش شراب کے نشہ میں گر گیا اور اس کی موت ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ کنبہ کے لوگوں نے بھی اب تک کوئی الزام نہیں لگایا ہے۔