مصر کے ساحلی شہر العریش میں عسکریت پسندوں کی جانب سے کیے گئے ایک بم دھماکے میں متعدد مصری فوجی ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کی شام شمالی سیناء کے علاقے العریش میں ایک فوجی اڈے کے قریب دھماکا ہوا جس کے بعد دونوں طرف سے شدید فائرنگ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق شدت پسندوں نے جنوبی العریش میں ہوائی اڈے کی طرف آنے والی مرکزی شاہراہ پر ایک گاڑی کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا جس کے نتجے میں فوجی گاڑی کو نقصان پہنچا اور اس میں سوار ایک فوجی ہلاک اور ایک افسر زخمی ہو گیا۔ زخمی فوجی افسر کو العریش کے ایک ملٹری اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔
واقعے کے فوری بعد مصری سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا تھا۔ سیکیورٹی فورسز کے مسلح دستوں نے رات کی تاریکی میں روشنی پھیلانے والے گولے بھی استعمال کیے تاکہ جنوبی العریش کے زیتون کے باغات میں چھپے مبینہ عسکریت پسندوں کےخلاف کارروائی کی جا
سکے۔ تاہم آخری اطلاعات تک کسی شخص کی گرفتاری کی اطلاع نہیں مل سکی۔