لکھنئو، 26 دسمبر (یو این آئی) نوئیڈا دیولپمنٹ اتھارٹی کے معطل چیف انجینئر کے معاملے کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) سے انکوائری کرانے کے مطالبے پر زور دینے کیلئیآج بھارتی جنتاپارٹی (بی جے پی) کے کارکنوں نے نوئیڈا میں مظاہرہ کیا۔مرکزی وزیر مملکت برائے ثقافت و سیاحت( آزادانہ چارج) مہیش شرما کی قیادت میں ہونے والے مظاہرے میں بی جے پی کے کارکنوں نے یادو سنگھ کے معاملے کی سی بی آئی سے انکوائری کرانے کا مطالبہ کیا۔مظاہرے کے دوران نوئیڈا ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں گھسنے کی کوشش کرنے والے بی جے پی کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان دھکا مکی بھی ہوئی۔ مظاہرین کو خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یادو سنگھ کا معاملہ براہ راست بدامنی سے متعلق ہے۔ یادو سنگھ کو بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی حکومت میں تحفظ حاصل تھا۔ سماجوادی پارٹی کی حکومت سے بھی اسے تحفظ مل رہا ہے اس لئے نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا اور یمنا اتھارٹی تینوں کی ذمہ داری اسے سونپ دی گئی تھی۔