لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ راجدھانی میں جائے دھرنا طے کرنے کا کام انتظامیہ کیلئے بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ ضلع انتظامیہ کے افسروںنے پہلے لکشمن میلہ میدان اور اس کے بعد چارباغ علاقہ میں روزگار دفتر کے پاس جائے دھرنا بنانے کی تجویز بھیجی لیکن اس کو خارج کر دیا گیا۔ اب بنگلہ بازار واقع بنسل بغیا میں جائے دھرنا بنانے کی بات چل رہی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر نے بدھ کو جائے دھرنا کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ مشرقی ندھی شریواستو نے بتایا کہ شہر میں دھرنے اور مظاہرہ کے سبب لگنے والے جام سے راحت دلانے کی اسکیم پر کام کیا جا رہا ہے اس میں شہر کے تمام اہم چوراہوں اور علاقو ں سے ناجائز قبضہ ہٹوانے کی کارروائی کی جا رہی ہے جس میں غیر مستقل اور مستقل ناجائز قبضے ہٹوائے جا رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی دوبارہ اس جگہ پر ناجائز قبضہ روکنے کیلئے میونسپل کارپوریشن، پولیس محکمہ اور ایل ڈی اے کے افسروں کی مشترکہ ٹیم بناکر ذمہ داری طے کر دی گئی ہے اس کے علاوہ اسمبلی کے سامنے دھرنا اور مظاہرہ کرنے کو مکمل ممنوعہ قرار دے دیا گیا ہے۔ جائے دھرنا نشانزد کرنے کا کام آخری مراحل میں ہے۔ بنگلہ بازار واقع بنسل بغیا کو جائے دھرنا بنانے کی تجویز بنائی گئی ہے۔ اس زمین سے متعلق رپورٹ ایل ڈی اے کے افسروں سے طلب کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر نے بھی مجوزہ جائے دھرنا کا معائنہ کر لیا ہے۔ اس جگہ پر جائے دھرنا بنائے جانے سے ٹریفک نظام اور دیگر لازمی سہولیات کو یقینی بنانے پر بھی غور کیا جا رہاہے اس لئے راجدھانی میں دھرنا اور مظاہرہ کیلئے جگہ منتخب کرنے کیلئے جلد ہی فیصلہ آنے کی امید ہے۔