لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ کرسمس تہوار امن ،خیرسگالی، بھائی چارہ کا پیغام دیتا ہے۔ عیسیٰ مسیح کاپیغام ہے کہ آپس میں پیار سے رہنا چاہئے جو دکھی ہوں ان کی مدد کرنی چاہئے ۔ تمام مذاہب کے تہوار پورے سماج کے تہوارہیں۔ سب کو ساتھ لیکر چلنا ہی ہندوستانی ثقافت ہے۔ قلب کو سکون تب ملے گا جب سماج میں امن ہو ۔ یہ خیال جمعہ کو گورنر رام نائک نے کیتھڈرل چرچ میں منعقد کرسمس تہوار کے اختتام کے دوران ظاہر کئے۔ انہوں نے کہاکہ چھوٹے دلوالے تیرا اور میرا کرتے ہیں لیکن نرم کردار والے لوگ پوری دنیا کواپنا کنبہ مانتے ہیں۔ یہی ہماری ثقافت ہے۔ انہوںنے کہاکہ آپس میں پیار اور خیر سگالی ہونا چاہئے۔ مسٹر نائک نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں عیسائی فرقہ کی بے مثال حصہ داری ہے۔ ان کے ذریعہ چلائے جا رہے تعلیمی ادارے اپنے معیار کیلئ
ے جانے جاتے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا کہ پوری دنیا میں کرسمس کا تہوار خوشی اور جوش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ ہندوستان میں مختلف مذاہب کے لوگ رہتے ہیں اور سب مل کرسمس کا تہوار مناتے ہیں۔
دوریوں کو کم کرنا یہی تہوار کا پیغام ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ الگ الگ مذہب کے لوگ مل کر ساتھ رہتے ہیں تو اچھا پیغام جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے عیسائی سماج کے ذریعہ تعلیم کے حلقہ میں اہم حصہ داری کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ سماج خواندہ بنے گا تبھی آگے بڑھے گا۔ کرسمس تہوار کے موقع پر کیتھڈرل گراؤنڈ میں منعقد پروگرام میں ریاست کے گورنر رام نائک اور وزیر اعلیٰ سمیت دیگر معزز شہریوں نے حصہ لیا اور کرسمس کی مبارک باد پیش کی۔ کرسمس تقریب میں مولانا کلب صادق، ریتا بہوگناجوشی، عمار رضوی و رکن اسمبلی پیٹر پینتھم بھی موجود تھے۔
اس موقع پر بشپ جیرالڈ، جے متھائس نے کہا کہ عیسیٰ مسیح پوری دنیا کے ہیں۔ مہاتما گاندھی عیسیٰ مسیح کی زندگی اور ان کی تعلیمات سے بیحد متاثر تھے۔ عیسیٰ مسیح امن کے راجہ ہیں۔ آج سماج میں امن اور پیار قائم ہونے کی ضرورت ہے۔ تقریب میں کرسمس کیرل گیت گائے گئے۔اس موقع پر بچوں نے جو بول اور سن نہیں سکتے تھے، رقص پیش کیا۔