لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی نے آج مرکز کی بی جے پی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہاکہ اس کے مرکزی وزیر سنجیو بالیان، رام شنکر کٹھیریا اور بی جے پی کے ریاستی صدر اپنی تمام حدود کو فراموش کرکے ریاست کا ماحول خراب کررہے ہیں۔ یہ لوگ کبھی سماج وادی حکومت کے کچھ وزراء کو نشانہ بناتے ہیں تو کبھی افسروںپر رعب جماتے ہیں۔ ریاست کے اقتدار سے بہت دور بی جے پی کے لیڈر اپنا جھوٹا رعب غالب کرنے کیلئے لگتا ہے کہ اپنی تہذیب، ثقافت کو بالائے طاق رکھ چکے ہیں۔
سماج وادی پارٹی کے ریاستی ترجمان راجندر چودھری نے کہاکہ لوک سبھا کی فتح سے بی جے پی لیڈر اتنا زیادہ فخر میں چور ہو گئے ہیں کہ انہیں مناسب نامناسب ، صحیح یا غلط اور سماجی حدود کا بھی دھیان نہیں رہ گیا ہے، انہیں اپنے عہدہ کا وقار اور سیاسی اخلاق نبھانا بھی نہیں یاد رہ گیا ہے۔ اکثریت والی سماج وادی پارٹی کی شبیہ خراب کرنے اور اس کے وزراء کے کردار کی پامالی کی بی جے پی لیڈروں کی سازشیں اب تمام حدود پا ر کر رہی ہیں۔ کردار اور شبیہ کی دہائی دینے والی پارٹی اب گناہ اور گھمنڈ میں ملوث پارٹی بن گئی ہے۔ ایس پی ترجمان نے کہاکہ بی جے پی کو ریاست کی سماج وادی حکومت کے سینئر وزیر محمد اعظم خاں سے خاص طور سے نفرت ہے ،ان کی ہربات کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا بی جے پی ک
ی سازش کا اہم حصہ ہے۔ ابھی مرکزی وزیر سنجیو بالیان نے محمد اعظم خاں کو دہشت گرد اور قاتل کہہ کر اپنی اوچھی ذہنیت کا ثبوت دیا ہے۔ ایسا کہتے ہوئے وہ اپنی آئینی ذمہ داری بھول گئے ۔ مسٹر چودھری نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنی کابینہ کے ایسے بد عقل وزراء کو فوری عہدہ سے ہٹا دینا چاہئے۔ مسٹر چودھری نے کہاکہ روز روز منظم سازش کے تحت محمد اعظم خاں کو نشانہ بنایا جانا قابل مذمت اور قابل بے حرمتی ہے۔
سماج وادی پارٹی کے ریاستی ترجمان راجندر چودھری نے کہاکہ سچ تو یہ ہے کہ اقتدار کا نشہ بی جے پی لیڈروں کے دماغ میں گھس گیا ہے اور وہ اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے ریاست کے عوام مکمل طور پر فرقہ پرستی سے آزادی چاہتے ہیں، اس سے بی جے پی میں بوکھلاہٹ ہے۔ مسٹر چودھری نے کہا کہ بی جے پی لیڈران اچھی طرح سمجھ لیں کہ ریاست میں قانون کا راج رہے گا اگر کوئی بھی قانون کو ہاتھ میں لے گا یا انارکی پیدا کرنے کی کوشش کرے گا تو قانون اپنا کام کرے گا۔