لکھنؤ(نامہ نگار)ہندی جرنلسٹ ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام صحافیوں نے حضرت گنج واقع گاندھی جی کے مجسمہ پر سماجوادی پارٹی لیڈر کے ذریعہ جبراً زمین پر قبضہ کرنے کے خلاف مظاہرہ کیا۔ صحافیوں نے وزیر اعلیٰ سے سماجوادی لیڈر کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ایسو سی ایشن کے سکریٹری سنتوش کمار تیواری نے بتایا کہ سماجوادی پارٹی لیڈر راکیش ترویدی عرف آلواور لیکھ پال رامانج دکشت کے ذریعہ رائے بریلی ضلع کے کھرگی کھیڑا گاؤں کے رہنے والے صحافی چنچلیش شکلا کی زمین پر جبراً قبضہ کرنے اور فرضی معاملہ میں پھنسانے کے ساتھ جان
سے مارنے کی دھمکی دی گئی۔ جس کے خلاف ہندی جرنلسٹ ایسو سی ایشن نے وزیر اعلیٰ سے انصاف دلانے کا مطالبہ کیا۔ ایسو سی ایشن کے سرپرست سبکدوش جج رام چندر شکلا نے کہا کہ چنچلیش شکلا کے والد کرشن لال شکلا کے نام ۱۹۷۰ء میں ڈیڑھ بیگھا زمین زراعت کیلئے الاٹ کی گئی تھی۔ ۱۹۹۰ء میں چکبندی کے دوران تقریباً ۱۹بسوا زمین اسکول کیلئے لے لی گئی۔ بقیہ زمین پر شکلا کا کنبہ کھیتی کر رہا ہے جس پر سماجوادی لیڈر اور لیکھ پال کی نیت خراب ہے۔ ایسو سی ایشن کے ریاستی صدر ستیش چندر موریہ اور نائب صدر کرشن کمار دویدی نے کہاکہ مسٹر شکلا نے رائے بریلی کے پولیس کپتان سے لے کر وزیراعلیٰ تک اپنی فریاد پہنچائی ہے لیکن حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔ مسٹر دویدی نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سماجوادی لیڈر کے خلاف کارروائی یقینی بناتے ہوئے لیکھ پال کو بھی برخاست کیاجانا چاہئے۔