ملبورن۔اوپنر کرس راجرز اور شان مارش کی نصف سنچریوں کی مدد سے آسٹریلیا نے ہندوستان کے خلاف تیسرے کرکٹ ٹسٹ کے چوتھے دن دوسری اننگز میں سات وکٹ پر 261 رن بنا کر اپنی مجموعی سبقت کو 326 رنز تک پہنچایا۔ صبح ہندوستان کے پچھللے بلے بازوں کو جلد پویلین بھیجنے کے بعد آسٹریلیا نے راجرز 69، مارش ناٹ آؤٹ 62 اور ڈیوڈ وارنر 40 کی اننگز کی مدد سے اپنی برتری مضبوط کی۔ لنچ کے بعد بارش بھی آئی جس کی وجہ سے 85 منٹ تک کھیل رکا رہا اور دن کے اوورز کا کوٹہ پورا کرنے کیلئے ایک گھنٹے کا اضافی کھیل ہوا۔ دن کا کھیل ختم ہونے پر ریان ہیرس آٹھ رن بنا کر مارش کا ساتھ نبھا رہے تھے۔ مارش نے اب تک اپنی اننگز میں 131 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے آٹھ چوکے اور ایک چھکا مارا ہے۔ہندوستان کی جانب سے ایشانت شرما نے 49، روچندرن اشون نے 56 جبکہ امیش یادو نے 73 رن دے کر دو دو وکٹ حاصل کئے۔ محمد سمیع نے 75 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔آسٹریلیا نے چار میچوں کی سیریز کے پہلے دو ٹسٹ جیت کر 2-0 کی برتری بنا رکھی ہے۔اس سے پہلے ہندوستان نے آج دن کا آغاز آٹھ وکٹ پر 462 رن سے کیا اور تین رن جوڑ کر اس نے اپنے باقی دونوں وکٹ بھی گنوا دیے جس سے آسٹریلیا کو پہلی اننگز کی بنیاد پر 65 رنز کی برتری ملی۔ محمد سمیع 12 اور امیش یادو صفردونوں کو مشیل جانسن نے آؤٹ کیا۔ہندوستانی بلے باز صبح صرف 15 گیند تک ٹک پائے۔ جانسن نے دن کی دوسری ہی گیند پر یادو کو وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن کے ہاتھوں کیچ کرایا اور پھر اپنے اگلے اوور کی پانچویں گیند پر سمیع کو دوسری سلپ میں اسٹیو اسمتھ کے ہاتھوں کیچ کراکے ہندوستانی اننگز کا خاتمہ کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ریان ہیرس نے 70 رن دے کر چار جبکہ جانسن نے 135 رن دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ ناتھن لیون نے 108 رن دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔آسٹریلیا کو دوسری اننگ میں وارنر اور راجرز نے تیز شروعات دلائی۔ وارنر نے یادو کے پہلے دو اووروں میں تین چوکے مارے۔ انہوں نے گیند بازوں کو مسلسل نشانے پر رکھا۔وارنر کی موجودگی میں آسٹریلیا نے 12 ویں اوور میں ہی 50 رنز پورے کر لئے جس میں ان کی شراکت 38 رنز کی رہی۔اشون نے وارنر کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے 57 رن کی اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ وارنر نے 42 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چھ چوکے مارے۔ راجرز اور شین واٹسن 17 نے اس کے بعد اننگز کو آگے بڑھایا۔ راجرز کو 33 رنز ذاتی اسکور پر شکھر دھون نے ایشانت شرما کی گیند پر زندگی دیا۔
ایشانت نے حالانکہ واٹسن کو زیادہ دیر نہیں ٹکنے دیا اور انہیں وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔کپتان اسٹیون اسمتھ 14 نے راجرز کے ساتھ مل کر 26 ویں اوور میں آسٹریلیا کا اسکور 100 رن کے پار پہنچایا۔ اس درمیان راجرز نے بھی 28 ویں اوور میں 81 گیندوں میں سیریز کا مسلسل چوتھی نصف سنچری مکمل کی۔چار اوور بعد یادو نے اسمتھ کو لیگ سلپ میں اجنکیا رہانے کے ہاتھوں کیچ کرکے اس شراکت کو توڑ دیا۔دوسرے سیشن میں جب صرف 20 منٹ کا کھیل بچا تھا تب اشون نے گیند بازی میں واپسی کرتے ہوئے 41 ویں اوور میں راجرز کو بولڈ کرکے آسٹریلیا کو شدید جھٹکا دیا۔ راجرز نے 123 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے آٹھ چوکے لگائے۔جو بنرس بھی زیادہ دیر نہیں ٹک پائے اور چائے کے آرام کے بعد ایشانت کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے نو رن بنائے۔مارش نے اس درمیان ایک سرے سنبھالے رکھا۔ انہوں یادو پر دو چوکے مارے لیکن اس تیز گیند باز نے اننگز کے 56 ویں اوور میں بریڈ ہیڈن 13 کو دھونی کے ہاتھوں کیچ کرکے آسٹریلیا کا اسکور چھ وکٹ پر 202 رنز کر دیا۔ مشیل جانسن 15 نے محمد سمیع پر چوکا لگایا لیکن اسی تیز گیند باز کی گیند کو ہوا میں لہرا بیٹھے اور مڈ وکٹ پر اجنکیا رہانے نے کیچ لپکنے میں کوئی غلطی نہیں کی ہے۔پہلی اننگز میں نصف سنچری جڑنے والے ریان ہیرس نے سمیع پر دو رن کے ساتھ ٹیم کی برتری کو 300 رن کے پار پہنچایا۔مارش نے اشون پر براہ راست چھکے کے ساتھ 112 گیندوں میں اپنا دوسرا ٹسٹ نصف سنچری مکمل کی۔ بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے سمیع کے اگلے اوور میں بھی دو چوکے مارے۔ آسٹریلیا اگرچہ 326 رن کی سبقت لے چکا ہو لیکن ہندوستانی آف اسپنر آر اشون نے کہا کہ ڈریسنگ روم کا ماحول مثبت ہے اگرچہ تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میں پانچویں اور آخری دن ہدف کا تعاقب کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔ آسٹریلیا نے چوتھے دن آج سات وکٹ پر 261 رن بنا لئے۔
شان مارش 62 اور ریان ہیرس آٹھ رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔اشون نے چوتھے دن کے کھیل کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ میچ کا نتیجہ کیا نکلے گا لیکن ہم کافی مثبت ہیں۔ کل صبح ہم انہیں جلدی آؤٹ کر دیں گے یا وہ ہمارے لئے ہدف طے کریں گے۔ ہم مثبت سوچ کے ساتھ اتریں گے۔ پھر دیکھتے ہیں کہ کیا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا آخری دن کوئی اسکور مشکل ہوگا۔ یہ ٹیسٹ میچ ہے اور آپ کے کھیل کے ہر پہلو کا اس میں امتحان ہوتاہے۔ یہ مشکل ہوگا لیکن ہم اس کیلئے تیار ہیں۔ ہم یہاں جیتنے آئے ہیں اور مثبت ہوکر کھیلیں گے۔ ٹیم کے آج کی کارکردگی کے بارے میں انہوں نے کہاایشانت نے اچھی گیند بازی کی۔ بارش کے وقفے کے بعد اس نے تین اسپیل ڈالے اور اس کی لائن اور لینتھ بہترین تھی۔ اشون نے کہا میرے کردار میں زیادہ تبدیلی نہیں آئی ہے۔ وکٹ زیادہ ٹوٹا نہیں ہے لہذا وکٹ لینے کیلئے مجھے زیادہ دماغ سے کام لینا ہوگا۔ٹسٹ کرکٹ میں 2011 میں قدم رکھنے کے بعد سے ٹیم کے اندر اندر باہر ہوتے رہے اشون کا خیال ہے کہ چیزیں صحیح سمت میں جا رہی ہیں۔انہوں نے کہامیں نے ٹیم کے باہر کافی وقت گزارا ہے اور یہ آٹھ دس ماہ کافی مشکل تھے یہ اگرچہ مستقبل کیلئے مجھے تیار کرنے کے نقطہ نظر سے اہم رہے۔ میں بولنگ کوچ بھرت ارون، روی شاستری اور منیجر ارشد ایوب سے بات کر رہا تھا جنہوں نے میری کافی مدد کی۔