لکھنؤ۔ (بیورو)۔ ۲۰۱۶ء سے راجدھانی میں دوڑنے والی میٹرو ریل کوچ ماڈل کو آج وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے دیکھا۔ وہیں ریاستی پولیس کی کامیابیوں پر مبنی پولیس کافی ٹیبل بک کا بھی وزیر اعلیٰ نے اجراء کیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے بڑے شہروں کی آبادی کے پیش نظر پبلک ٹرانسپورٹ کو فروغ دیا جا رہاہے۔اس سے مقامی لوگوں کیلئے اپنے شہر میں بھی روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے اور شہر
یوں کے معیار زندگی میں بھی اصلاح ہوگی۔ میٹرو کے علاوہ ضلع صدر دفاتر کو چوڑی سڑکوں سے جوڑنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پولیس آنند لال بنرجی نے کہا کہ سول پولیس دنیا کی سب سے قدیم اور بڑی پولیس تنظیم ہے۔ اس کے بارے میں وسیع معلومات کافی ٹیبل بک کے ذریعہ فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ لکھنؤ میٹرو ریل کارپوریشن کے ایم ڈی کمار کیشو نے کہا کہ میٹرو ریل کو دسمبر ۲۰۱۶ سے چلانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
میٹرو ریل کے کوچ اسٹین لیس اسٹیل سے بنائے جائیں گے۔ کچھ دن بعد کوچ کیلئے ٹنڈر نکالا جائے گا۔ پروگرام میں وزیر سیاسی پنشن راجندر چودھری، پرنسپل سکریٹری اطلاعات نونیت سہگل، سکریٹری وزیر اعلیٰ پارتھ سارتھی سین شرما ، ڈائریکٹر اطلاعات آشوتوش نرنجن بھی موجود تھے۔