جموں، 31 دسمبر (یو این آئی) جموں کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ اور ممبر پارلیمنٹ محبوبہ مفتی نے ریاست میں حکومت سازی میں کسی طرح کی جلد بازی سے انکار کرتے ہوئے آج کہا کہ حکومت کی تشکیل کے سلسلے میں ان کی گورنر این این ووہرا کے
ساتھ آج غیر رسمی بات چیت ہوئی ہے۔محترمہ مفتی نے گورنر سے تقریباً 40 منٹ کی ملاقات کے بعد راج بھون کے باہر نامہ نگاروں سے کہا کہ پی ڈی پی حکومت بنانے کے لئے جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سازی کے متعلق ان کی گورنر سے غیر رسمی بات چیت ہوئی ہے۔گورنر نے محترمہ محبوبہ مفتی کو حکومت سازی کے سلسلے میں تبادلہ خیال کے لئے بلایا تھا۔خیال رہے کہ جموں ہ کشمیر کے حالیہ اسمبلی الیکشن میں کسی پارٹی کو واضح اکثریت نہیں ملی ہے۔ پی ڈی پی 28 سیٹوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی کے طورپر ابھری ہے۔ بی جے پی 25 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ نیشنل کانفرنس کو 15 اور کانگریس کو 12 سیٹیں ملی ہیں۔