کابل،یکم جنوری (یواین آئی) افغانستان کے جنوبی صوبہ ہیلمند میں جمعرات کو ایک مکان پر راکٹ گرنے سے شادی کی تقریب میں شامل کم از کم 26 افراد ہلاک اور تقریباً 45 افراد زخمی ہوگئے۔ ملک میں طالبان سے لڑنے والی امریکی فوج اور ناٹو کی فوجی مہم کا کل آخری دن تھا۔پولیس نے بتایا کہ افغانستانی فوج اور طالبان کے درمیان آج ہونے والی جھڑپ کے دوران ہیلمند کے ضلع ساگنی میں ایک مکان کی چھت پر راکٹ گر گیا۔ اس واقعہ میں مرن
ے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ دریں اثنا صوبہ کی کونسل کے رکن بشیر احمد شاکر نے کہا کہ زخمیوں کی تعداد تقریباً 60 ہے۔اپنی بھانجی کی شادی کی تقریب منعقد کرنے والی ایک خاتون نے کہا کہ اچانک خوشی کا ماحول غم میں تبدیل ہوگیا۔ میرے نو بچوں کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے۔ مجھے کچھ لاشوں کے باقیات ملے ہیں۔ مگر میں یہ نہیں کہہ سکتی کہ وہ میرے بچوں کے ہیں یا کسی اور کے۔زخمیوں کو صوبہ کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔