لکھنؤ۔ (بیورو)۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا کہ سال نوحکومت کیلئے چیلنج سے بھرپور ہوگا۔ اب حکومت کے پاس کام کرنے کیلئے صرف دو سال ہی باقی ہیں۔ جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے حکومت کی ذمہ داری میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ دنوں بھی حکومت نے متعد پروجیکٹس شروع کئے ہیں جن سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچ رہا ہے۔ لکھنؤ میٹرو اور آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے سمیت کچھ بڑے پروجیکٹ ابھی نا مکمل ہیں جن پر تیزی سے کام چل رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سماج وادی حکومت نے غریب اور کسان سمیت سبھی طبقوں کیلئے بلا تفریق کام کیا ہے۔ اپنی سرکاری قیام گاہ پر حکومت کی کامیابیاں بتاتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ان کی حکومت نے ہر شعبہ میں کام کیا ہے، عوام سے براہ راست تعلق قائم کرنے والی اسکیموں کو شروع کیا ہے۔ جنیشور مشر اسکیم کے تحت گاؤں میں سی سی روڈ تعمیر کرائی گئی۔ یہ رقم کم محسوس ہوئی تو اسے پچیس سے بڑھا کر چالیس لاکھ روپئے کر دیا گیا۔ صحت کے شعبہ میںحکومت غریبوں کی مدد کر رہی ہے۔
لکھنؤ میٹرو اور آگرہ ایکسپریس وے کے مکمل ہو جانے کے بعد کافی ترقی ہوگی۔ سماج وادی پنشن اسکیم سے لوگوں کو کافی فائدہ مل رہا ہے۔ آنے والے بجٹ میں غریبوں کو رکشا تقسیم کا بھی بندوبست کیا جائے گا۔ کچھ رکاوٹوں کی وجہ سے اس سال رکشا تقسیم کرنے کا کام نہیں ہو پایا سال نو میں اسے ضرور کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس سال بندیل کھنڈ میں بجلی فراہمی میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ عوام نے سابقہ حکومتوں کو بھی دیکھا ہے۔ ریاست میں غیر سماج وادی حکومت ہو یا مرکز میں کانگریس کی، عوام نے سب کا کام دیکھا ہے۔ ریاست میں آئندہ انتخابات تک عوام مرکز کی بی جے پی حکومت کا کام بھی دیکھے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ وہ نہیں چاہتے کہ کوئی بھی بھیک مانگے اس کیلئے حکومت نے بندوبست کیا ہے اور کر بھی رہی ہے۔ جو لوگ سردی میں کھلے آسمان کے نیچے رات گزار رہے ہیں ان کیلئے بھی حکومت بندوبست کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے چیف سکریٹری آلوک رنجن کو ہدایت دی ہے کہ کوئی ایسا بندوبست کیا جائے کہ لوگ کھلے آسمان کے نیچے رات بسر نہ کریں۔