لکھنؤ۔(نامہ نگار) وکاس نگر علاقہ میں بدھ کی دیر رات سال نو کے جشن کے دوران دوستوں کے درمیان ہوئے معمولی تنازعہ کے سبب ایک لانڈری ملازم کو اس کے دوست نے گولی ماردی۔
ایس او وکاس نگر رجیت رام یادو نے بتایا کہ وکاس نگر سیکٹر ایل کا رہنے والا دلیپ قنوجیا جانکی پورم میں ایک لانڈری میںکام کرتا تھا۔بتایا جاتا ہے کہ بدھ کی رات وہ اپنے دوستوںکے ساتھ نئے سال کا جشن منانے کیلئے نکلا تھا دیر رات وہ ماما چوراہے کے نزدیک کھڑا اپنے کچھ دوستوں سے بات کررہا تھا اسی درمیان انڈیگوکار سوار علی گنج کا سنجیو کمار وہاں پہنچ گیا باتوں ہی باتوں میں ان لوگوں کا دلیپ سے جھگڑا ہوگیا دیکھتے ہی دیکھتے جھگڑا اتنا بڑھ گیا کہ سندیپ نے طمنچہ نکالا اور دلیپ پر فائر کر دیا۔ گولی کے کچھ چھرے دلیپ کو لگے اس کے بعد ملزم کار لیکر وہاں سے فرار ہوگیا۔ زخمی دلیپ نے پولیس کو اطلاع دی موقع پر جب پولیس پہنچی تو وہاں کوئی نہیں ملا ۔ پولیس نے جب دلیپ کے موبائل فون پر رابطہ قائم کیا تو فون بند ملا ۔ زخمی دلیپ نشے کی حالت میں گھر پہنچا اور اسی حالت میں سوگیا صبح جب اس کی آنکھ کھلی تو اس کی پیٹھ سے خون نکل رہا تھا اس کے بعد گھر والوں نے اس کو اسپتال میں داخل کرایا جہاں ابتدائی علاج کے بعد اسے چھٹی دے دی گئی۔ اس بعد دلیپ وکاس نگر تھانے پہنچا اور سندیپ کے خلاف اقدام قتل کی رپورٹ درج کرائی۔ پولیس نے ملزم سندیپ کو حراست میں لے لیا ہے اور پوچھ گچھ کررہی ہے ۔