بارہ بنکی۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا حصہ رہنے والے بائیں ہاتھ کے تیز گیندباز آر پی سنگھ نے کپتان مہندر سنگھ
دھونی کے ٹیسٹ کرکٹ سے سبکدوشی کے فیصلے کو غلط قرار دیا ہے۔مسٹر سنگھ نے کل بارہ بنکی کے صبیحہ میں واقع سلمانپور میں منعقدہ ایک نجی پروگرام سے الگ نامہ نگاروں سے بات چیت میں دھونی کے ٹیسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ کپتان کا آسٹریلیا میں جاری سیریز کے دوران اچانک ٹیسٹ میچوں سے سبکدوش ہو جانے کا فیصلہ غلط ہے۔ دھونی کے قریبی دوست کہے جانے والے اس تیز گیندباز نے کہا کہ کپتان کے اس حیرت انگیز فیصلے سے پوری ٹیم پر اثر پڑے گا۔ حالانکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دھونی نے مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی کیلئے ہی یہ بڑا فیصلہ کیا ہوگا۔واضح رہے کہ 90 ٹیسٹ کھیلنے والے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے گزشتہ 30 دسمبر کو میلبورن میں آسٹریلیا کے خلاف ڈرا کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ کے بعد کرکٹ کے طویل فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا تھا۔چودہ ٹیسٹ میچوں میں 42 کے اوسط سے 40 وکٹ لینے والے ردر پرتاپ سنگھ نے یقین ظاہر کیا کہ موجودہ ہندوستانی ٹیم پہلے سے کافی بہتر ہے اور اس کے آئندہ فروریمارچ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلا جانے والا ورلڈ کپ ٹورنامنٹ جیتنے کا اچھا امکان ہے۔