بھارت میں موبائل کے رواج میں زبردست اضافہ ہوا ہے
سنہ 2014 میں بھارتی چیمبرز آف کامرس کی تنظیم ایسوچیم اور امریکی تنظیم ڈیلوئٹ کی جانب سے کیے جانے والے ایک مطالعہ میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں سنہ 2012 تک تقریباً ڈیڑھ ارب موبائل ایپز ڈاؤن لوڈ کیے تھے جو کہ سنہ 2015 تک بڑھ کر نو ارب موبائل ایپز ہو جائیں گے۔
بھارت میں سنہ 2014 کو ’سمارٹ فون انقلاب‘ کا سال کہا جاتا ہے۔ لیکن موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کے اع
داد و شمار دیکھ کر یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ سال 2015 کو ہندوستان میں ’ایپ انقلاب‘ کا سال کہا جائے۔
ٹیکنالوجی کے ماہرین کا خیال ہے کہ آنے والے دنوں میں سمارٹ فون اور بھی سستے ہو جائیں گے اور اس کے ساتھ ہی موبائل انٹرنیٹ سروسز میں بھی بہتری آئے گی۔
1۔ موبائل بمقابلہ کمپیوٹر:
سنہ 2015 میں انٹرنیٹ کا استعمال کرنے کے لیے لوگ کمپیوٹر کے بجائے اپنے موبائل کا استعمال زیادہ کریں گے۔
بھارت میں سنہ 2014 کو ’سمارٹ فون انقلاب‘ کا سال کہا جاتا ہے
چونکہ اب ای میل، بینکنگ اور آن لائن شاپنگ جیسی سہولیات سمارٹ فون پر ہی ایپ کے ذریعہ دستیاب ہیں تو صارفین اپنی ذاتی اور تجارتی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے اپنے موبائل کو ہی اہم ذریعہ بنا رہے ہیں۔ اس کا اثر کمپیوٹرز کی فروخت پر پڑے گا کیونکہ اس پر انحصار رفتہ رفتہ کم ہوتا جائے گا۔
2۔ موبائل بمقابلہ ٹی وی:
حال ہی میں بورن ویٹا كوئز مقابلے ڈیجیٹل ورژن لانچ کیا گیا ہے جو کہ یوٹیوب کے ساتھ ساتھ موبائل ایپ پر بھی دستیاب ہوگا۔
اس ڈیجیٹل ورژن میں دیکھنے والے لوگ كوئز میں حصہ بھی لے پائیں گے۔ اسی طرح کئی ٹی وی چینل اب اپنی ایپ لانچ کر رہے ہیں تاکہ لوگ کہیں بھی، کبھی بھی اپنے پسندیدہ پروگرام ڈاؤن لوڈ کر کے دیکھ سکیں۔ سنہ 2015 میں اس کا چلن بڑھے گا جس سے کیبل، ڈش ٹی وی اور ٹی وی صنعت متاثر ہو سکتی ہے۔
سوشل نیٹ ورکنگ سائٹوں پر عام آدمی تو کیا، بڑی بڑی شخصیات نے بھی لاکھوں سیلفيز پوسٹ کیں
3۔ سیلفي ٹرینڈ:
سنہ 2014 میں ہندوستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں سیلفي کا زبردست رجحان نظر آیا۔
سوشل نیٹ ورکنگ سائٹوں پر عام آدمی تو کیا، بڑی بڑی شخصیات نے بھی لاکھوں سیلفيز پوسٹ کیں۔ اس رجحان کے پیش نظر مغربی ممالک میں بہت سے ایسے ایپ لانچ کیے گئے جو بہترین سیلفي لینے میں موبائل صارفین کی کی مدد کرتی ہیں۔ سنہ 2015 میں ہندوستان میں ان کی مقبولیت بڑھے گی اور ہندوستان میں 25 سال سے کم عمر کے لوگوں کی آبادی تقریبا 50 فیصد ہے تو یہ ٹرینڈ ضرور ایک دلچسپ موڑ لے گا۔
موبائل پر انٹرنیٹ سروسز بہتر ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے
4۔ موبائل بمقابلہ ڈیجیٹل کیمرہ:
سنہ 2015 میں موبائل پر آنے والے بہترین کیمروں سے ڈیجیٹل کیمرے کو بھی بڑا خطرہ لاحق ہے کیونکہ لوگوں کا خیال ہے کہ بہترین تصاویر لینے کے لیے یہ ضروری نہیں کہ آپ کے پاس ڈیجیٹل كیمرے ہی ہوں۔
ماہرین کا خیال ہے کہ اس لیے بھی بازار میں موبائل کا راج ہوگا۔ کم دام والے موبائل بھی اب اچھے ریزولیوشن والے کیمرے مہیا کروانے لگے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو کیمرے خریدنے کی ضرورت کم ہی محسوس ہوتی ہے۔
عام لوگوں کے ساتھ ساتھ مخصوص لوگوں میں بھی سیلفی کا زبردست رجحان دیکھا گیا
5۔ موبائل شاپنگ:
اگرچہ ہندوستانی صارفین انٹرنیٹ پر اپنے کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کی معلومات دینے سے گریز کرتے ہیں تاہم مراعات اور چھوٹ کسے کو پسند نہیں؟ سنہ 2015 میں لوگ شاید شاپنگ ایپ پر دی جانے والی چھوٹ کو دیکھ کر نرم پڑ جائیں اور موبائل پر شاپنگ کرنے کا چلن بھی بڑھ جائے۔ سنہ 2014 میں بھارت میں آن لائن شاپنگ میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے لیکن موبائل ایپ کے ذریعہ زیادہ شاپنگ نہیں کی گئی۔ لیکن اس سال موبائل شاپنگ میں اضافے کا زبردست امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔