لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ چیف سکریٹری آلوک رنجن نے آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ ضرورت کے مطابق مزید زمین کی تحویل کی کارروائی اسی ماہ اولیت کی بنیاد پر کی جائے تاکہ کام کی رفتار میں کسی طرح کی رکاوٹ نہ آنے پائے۔ ضلع مجسٹریٹوں کو ہدایت دی کہ ضلع سطح پر تشکیل ٹاسک فورس کا جلسہ ہر ہفتہ متعلقہ ترقیات کارکنوں کے ساتھ منعقد کرکے کاموں کا جائزہ لیکر آنے والے مسائل کا تصفیہ مقامی سطح پر فوری طور پر کرایا جائے۔
آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے کے کاموںکا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاموں کی ترقی کی نگرانی اور مسائل کے تصفیہ کیلئے سروے مستقل طور پر کرایا جائے۔ کاموں میں مزید تیزی لانے کیلئے محکمہ تعمیرات عامہ کے تین ایگزیکٹیو انجینئروں کے علاوہ مانگ کے مطابق ایک معاون اور جونیئر انجینئر کو فوری تعینات کیاجائے۔ اس کے علاوہ چیف سکریٹری نے سی جی سٹی چک گنجریا فارم پر قائم ہونے والے منصوبوں کے ترقیاتی کاموں میں طے شدہ ہدف کے مقابلے تیزی نہ لانے والے افسران کو نوٹس دے کر ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
سٹی کے کاموں کی ترقی پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ اب خود ہر ۱۵ دن میں کاموں کی ترقیات کا جائزہ لیکر لاپرواہ افسروں کو سزا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی جی سٹی واقع مویشی پروری محکمہ کی املاک کو نیبلڈ بارہ بنکی اور رحمان کھیڑا لکھنؤ میں دوبارہ قائم کرنے کا کام ہائی کورٹ کے ذریعہ پاس فیصلہ کے پیش نظر اولیت کی بنیاد پر کرایا جائے۔