نئی دہلی، 26نومبر:دہلی میں پندرہ برسوں سے اقتدار سے محروم بی جے پی نیآج اپنے انتخابی منشور میں دہلی کے باشندوں سے کئی پرکشش وعدے کئے ہیں۔پارٹی نے وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ اقتدار میں آئی توبجلی کی نرخ میں 30 فی صد تخفیف کے ساتھ ساتھ رعایتی سلنڈروں کی تعداد بڑھاکر12کردے گی ۔اسی کے ساتھ بی جے پی نے معمرشہریوں او ربیواؤں کی پنشن بڑھاکر 2000 کرنے، دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے، جمنا کی آلودگی دور کرنے اور اخبار تقسیم کرنے والوں کو مفت سائیکل دینے کابھی وعدہ کیا۔بی جے پی کے لیڈروں نے انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد وہ سبزیوں کی بے پناہ مہنگائی پر 30 دنوں میں قابو پالے گی۔بجلی کی نرخ میں 30 فی صد کی کمی کے ساتھ سب کے لئے پینے کا صاف پانی وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنائے جائے گی۔
انتخابی منشور کے اجرا کے موقع پر لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر سشماسوراج، سینئر لیڈر ارن جیٹلی، پارٹی کے سابق صدر اور دہلی کے انچارج نتن گڈکری، دہلی بی جے پی کے ریاستی صدر وجے گوئل، وزیراعلی عہدہ کے امیدوار ہرش وردھن،دہلی اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر وجے کمار ملہوترہ،سابق ریاستی صدر وجیندر گپتا اور بڑی تعداد دوسرے لیڈران موجود تھے۔انتخابی منشور میں بی جے پی نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اقتدار میں آنے کے بعد رعایتی سلنڈروں کی تعداد 9 سے بڑھاکر 12 کردے گی۔ہر شہری کو صحت بیمہ،سبھی اضلاع میں ٹراماسنٹر، موبائل اسپتال، ہر شہری کو پیدائش سے موت تک 25 مفت دوائیں،سستی شرح پر بہترین خدمات کی فراہمی کے لئے سبھی علاقوں میں خاندانی کلینک کے قیام کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔خواتین کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے انتخابی منشور میں وعدہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعلی کے زیرنگرانی 24گھنٹے کا ل سنٹر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ہر ضلع میں خواتین کا ایک تھانہ ہوگا اوروزیرا علی کے ماتحت خواتین حفاظتی دستہ فوری طور پر دہلی پولیس سے رابطہ قائم کرکے کارروائی کو یقینی بنائے گا۔
بی جیپی کے انتخابی منشور میں کامگار خواتین کے لئے ہاسٹل، خواتین سے متعلق جرائم کے نپٹارہ کے لئیبڑی تعداد میں فاسٹ ٹریک عدالتوں کا قیام،آنگن واڑی سہولیات میں توسیع اور پرائیویٹ بسوں میں رات کے وقت روشنی کو لازم بنانے سمیت اور بھی کئی وعدے کئے گئے ہیں۔انتخابی منشور میں کہاگیا ہے کہ ویٹ نظام کے تحت اندراج یافتہ تاجروں کو چار لاکھ روپے کے حادثاتی بیمہ کے ساتھ اس نظام کو مزید نرم او رلچک دار بنایا جائے گا۔دہلی میں ٹریفک نظام کو مزید چست درست کرنے کے لئے بی جے پی نے سبھی چوراہوں پر فلائی اوور بناکرسگنل فری او ران پر جدید فٹ اوور برج تعمیرکرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔میٹرو لائن میں نئے کوچ بڑھانے کے ساتھ ساتھ میٹرو ریل سروس کو کثیرسطحی بنانے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔
انتخابی منشور میں دہلی میں سب کے لئے پینے کے صاف و شفاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ پانی کی نرخ میں معقولیت لانے، بارش کے پانی کوجمع کرنے کی ترغیب اور پانی کی بربادی روکنے کے لئے بنیادی ڈھانچہ کی تجدید کی بات کہی گئی ہے۔بی جیپی نیاپنے انتخابی منشور میں کہا ہے کہ وہ جمنا ندی کو قومی ورثہ تصورکرتی ہے۔ ا س کی ترقی کے لئے جمنا ڈیولپمنٹ اتھارٹی تشکیل دی جائے گی ۔ اسے مرحلہ وار آلودگی سے پاک کردیا جائے گا۔بی جے پی کے انتخابی منشور میں نوجوانوں کے لئے اٹل یووامشن، سب کے لئے روزگار، نریلا، بجواسن اور نجف گڑھ میں اطلاعاتی تکنالوجی زون کا قیام، طلبہ کو رعایتی شرحوں میں مشترکہ اسمارٹ کارڈ اور آمدنی کی بنیاد پر اسکالرشپ کا اعلان وعدہ کیا گیا ہے۔