ہندوستانی گیندبازوں کے سامنے پہلے دن کنگارئوں نے دووکٹ کے نقصان پربنائے 348رن
سڈنی۔سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر مہینے بھر پہلے اپنے ساتھی کھلاڑی فلپ ہیوز کو کھونے والی غمزدہ آسٹریلیائی ٹیم نے ہندستان کے خلاف سیریز کے آخری ٹسٹ کے پہلے دن آج یہاں زبردست آغاز کرتے ہوئے 90 اووروں میں 348 رن بنا لئے۔آسٹریلیائی کپتان اسٹیون اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور دن کا کھیل ختم ہونے تک 90 اووروں میں صرف دو وکٹ کے نقصان پر 348 رن جوڑ کر میچ کی مضبوط شروعات کی۔ آسٹریلیائی ٹیم کے ابھی آٹھ وکٹ محفوظ ہیں اور اس کے بلے باز شین واٹسن (61) اور اسمتھ (82) رن بنا کر کریز پر ڈٹے ہوئے ہیں۔آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے پہلے دن ڈیوڈ وارنر نے اپنی 12 ویں ٹسٹ سنچری بنائی اور 114 گیندوں میں 16 بہترین چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 101 رن بنائے۔ ان کے ساتھ سلامی بلے باز کرس روجرس سنچری سے پہلے 95 رن پر آؤٹ ہوگئے۔ دونوں بلے بازوں نے پہلے وکٹ کیلئے سڈنی کے میدان پر 200 رنوں کی بڑی شراکت داری کی۔
روجرس نے 160گیندوں میں 13 چوکے بھی لگائے۔ہندستانی گیندباز آسٹریلیائی بلے بازوں کے چوکوں کو ہی پکڑتے رہ گئے۔ میزبان ٹیم کے کھلاڑیوں نے پہلے دن کْل 45 چوکے لگائے۔ چوٹ کے بعد صحت مند ہو کر واپسی کرنے والے تیز گیند باز بھونیشور کمار نے 20 اووروں میں 67 رن دے کر کوئی وکٹ نہیں لیا جبکہ امیش یادو کافی مہنگے ثابت ہوئے اور 16 اووروں میں انہوں نے 97 رن دے کر ایک بھی وکٹ نہیں لیا۔محمد سمیع نے 16 اووروں میں 58 رن دے کر ایک وکٹ لیا اور تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن اشون 28 اووروں میں 88 رن دے کر ایک وکٹ ہی لے سکے۔ سریش رینا 10 اووروں میں 35 رن دے کر وکٹ حاصل کرنے سے محروم رہے۔میچ کے آغاز سے پہلے دونوں ٹیموں نے سڈنی گراؤنڈ پر نصب کردہ ہیوز کے میمورئل پر خراج عقیدت پیش کئے۔ واضح رہے کہ 25 سالہ ہیوز تقریباً چھ ہفتے قبل سڈنی کے میدان پر ایک گھریلو میچ کے دوران سر پر باؤنسر لگنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔ اس دوران آسٹریلیا کے واٹسن اور وارنر سمیت پانچ کھلاڑی میدن پر موجود تھے۔میچ سے پہلے واٹسن نے کہا تھا کہ میچ کے دوران ہیوز کا چہرہ انکے سامنے آتا رہے گا اور یہ انتہائی جذباتی لمحہ ہوگا۔پچ پر اترتے ہی آل راؤنڈر واٹسن نے شاندار کارکردگی سے ثابت کردیا کہ وہ اپنے دوست کیلئے کھیل رہے ہیں۔
وارنر نے میچ میں سنچری لگائی جبکہ واٹسن نے ناٹ آؤٹ 61 رن کی بہترین اننگز کھیلی۔ انہوں نے 132 گیندوں میں چھ چوکے بھی لگائے۔نوجوان آسٹریلیائی کپتان اسمتھ کا ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ بھی کافی کارگر ثابت ہوا اور سڈنی کی بے جان پچ پر اس سے ہندستانی گیندبازوں کو زیادہ فائدہ نہیں ہوا۔پہلے ہی بارڈر گواسکر ٹرافی حاصل کرچکی آسٹریلیائی ٹیم کے بلے بازوں نے بے فکر ہوکر بلے بازی کی اور پہلی بار گھریلو میدان پر آسٹریلیا کے سرفہرست چار بلے بازوں نے ہندستان کے خلاف میچ میں 50 سے زائد رن بنائے۔
مہیندر سنگھ دھونی کے ٹسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد ہندستان کے نئے کپتان بننے والے وراٹ کوہلی میچ میں کئی تبدیلیوں کے ساتھ اترے۔ دھونی کی جگہ وکٹ کیپر کے طور پر ردھیمان ساہا کو اتارا گیا جبکہ سلامی بلے باز شکھر دھون اور چیتیشور پجارا کی جگہ سریش رینا اور روہت شرما کو موقع دیا گیا ہے۔