ملتان: نظامت زرعی اطلاعات پنجاب، ملتان کے ترجمان کے مطابق سویا بین ایک نہایت منافع بخش فصل ہے جو بطور سبزی اور دال بھی استعمال ہو تی ہے. لیکن آج کل اس کی اہمیت بحیثیت تیلدار فصل کے بڑھتی جا رہی ہے۔ سویا بین کے بیجوں میں ۴۰سے ۴۲فیصد پروٹین اور ۱۸سے ۲۰فیصد اعلیٰ قسم کا تیل ہوتا ہے۔ ترجمان کے مطابق سویا بین کی بہاریہ فصل کی کاشت جنوری کے آخری ہفتہ سے فروری کے پہلے ہفتہ تک مکمل کریں۔ سویا بین کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے منظور شدہ اقسام ولیمز ۸۲، فیصل سویا بین، این اے آر سی 1، این اے آر سی ۲ کاشت کریں۔ فصل کی کاشت کیلئے میر اور ہلکی میرا زمین جس میں پانی کا نکاس اچھا ہو، کا انتخاب کریں۔ زمین کی تیاری کیلئے کھیت میں ۲یا ۳ مرتبہ ہل اور سہاگہ چلائیں۔ اچھی پیداوار کے حصول کیلئے بہتر روئیدگی والا ۳۰ کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔ فصل کی کاشت سنگل رو ڈرل سے کریں، قطاروں کا درمیانی فاصلہ ڈیڑھ سے ۲ فٹ اور بیج کی گہرائی ۱سے ۲ انچ رکھیں۔
کاشت سے پہلے بیج کو کرم کش زہر ضرور لگائیں تاکہ فصل نقصان دہ کیڑوں اور بیماریوں کے حملہ سے محفوظ رہے۔ کسی بھی زمین پر پہلی مرتبہ کاشت کی صورت میں بیج کو جراثیمی ٹیکہ ضرور لگائیں۔ سویا بین کی کاشت کے وقت ایک سے ڈیڑھ بوری ڈی اے پی اور آدھی بوری یوریا کھیت میں ڈالیں پھر آدھی سے ایک بوری یوریا فی ایکڑ دوسرے پانی کے ساتھ استعمال کریں۔ سویا بین کی فصل کو پہلا پانی روئیدگی کے ۲۰تا ۲۵دن کے بعد اور پھر موسم کے لحاظ سے ۱۰ سے ۱۵ دن کے وقفہ سے آبپاشی کریں۔ جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے پہلی گوڈی پہلی آبپاشی کے بعد بذریعہ کسولہ اور دوسری گوڈی دوسرے پانی کے بعد ہل کے ذریعے کریں۔ جڑی بوٹیوں کے کیمیائی تدارک کیلئے زہروں کا استعمال محکمہ زراعت (توسیع و پیسٹ وارننگ) کے فیلڈ عملہ کے مشورہ سے کریں۔