لکھنؤ:علی گنج علاقہ میں رہنے والی ریتو کی موت دم گھٹنے سے ہوئی تھی۔ پولیس نے اس معاملہ میں ریتو کے شوہر، ساس اور خسر کو جہیز قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
سی او علی گنج نے بتایا کہ ریتو کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ اس کی موت دم گھٹنے سے ہوئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یا تو ریتو کے منہ پر تکیہ یا پھر لحاف رکھکر اس کو ماراگیا ہے۔ اس معاملہ میں ریتو کے والد نے علی گنج تھانہ میں اس کے شوہر اروند، خسر اما شنکر اور ساس کے خلاف جہیز قتل کی رپورٹ درج کرائی ہے۔ پولیس نے دوشنبہ کو اس معاملہ میںنامزد تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ واضح ہو کہ اتوار کی دیر رات علی گنج کے مہندی ٹولہ چاند گنج کے رہنے والے میڈیکل اسٹور ملازم اروند کی بیوی ریتو کی مشتبہ حالات میں موت ہوگئی تھی۔ ریتو کا میکہ ناکہ میں ہے اور اس کی دو سال قبل ہی اروند سے شادی ہوئی تھی۔ ریتو کے میکے والوں کا الزام ہے کہ شوہر اور سسرال والے اس کو آئے دن جہیز کیلئے پریشان کیا کرتے تھے۔